زلمی فیملی کا حصہ ہونے پر فخر ہے، حلیمہ سلطان کا اردو میں پیغام

ویب ڈیسک  اتوار 21 فروری 2021
اب میں زلمی فیملی کا حصہ ہوں، اسرا بلگیچ فوٹوفائل

اب میں زلمی فیملی کا حصہ ہوں، اسرا بلگیچ فوٹوفائل

کراچی: ترک اداکارہ اسرا بلگیچ المعروف حلیمہ سلطان نے پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کا حصہ بننے اور ٹیم کا ساتھ دینے پر فخر کا اظہار کیا ہے۔

ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کی ہیروئن اسرا بلگیچ جو پاکستان میں حلیمہ سلطان کے نام سے مشہور ہیں اب باقائدہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کا حصہ بن چکی ہیں۔

پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے دو روز قبل ترک اداکارہ کے پشاور زلمی کا حصہ بننے کی خوشخبری سنائی تھی۔ اورگزشتہ روز زلمی کا آفیشل ترانہ ’’کنگڈم‘‘ریلیز کیا گیا تھا جس میں ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کے ساتھ اسرا بلگیچ بھی پرفارم کرتی نظر آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ ریلیز؛ ماہرہ اور ہانیہ کے ہمراہ اسرا بھی جلوہ گر

گانے کی ریلیز کے کچھ ہی دیر بعد اسرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اور پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر بننے کا باقائدہ اعلان کیا۔ انہوں نے اردو میں لکھا ’’اب میں زلمی فیملی کا حصہ ہوں، مجھے فخر ہے کہ میں آپ کے ساتھ ٹیم کاساتھ دوں گی۔‘‘ یہی پیغام انہوں نے انگریزی میں بھی لکھا۔ اور اس کے ساتھ زلمی کنگڈم، ماہرہ اسرا ہانیہ اور یلو اسٹروم کے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے۔

اسرا کی اس پوسٹ پر پاکستانی سپر اسٹار اور پشاور زلمی کی ایمبیسیڈر ماہرہ خان نے کمنٹ کرتے ہوئے انہیں زلمی فیملی میں خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ اس بار پی ایس ایل میں ترک اداکارہ کی موجودگی کے باعث شائقین کی کھیل میں دلچسپی دگنی ہوگئی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان ، اسرا بلگیچ اور ہانیہ عامر کو زلمی کا ایمبیسیڈر بناکر جاوید آفریدی پی ایس ایل مقابلے سے قبل ہی جیت چکے ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ ’’کنگڈم‘‘ لوگوں کو بے حد پسند آیا ہے اور اس ترانے کو محض 23 گھنٹوں میں 3 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔