کالم نگاری ، ایک فن ، اہم ذمے داری

عابد محمود عزام  اتوار 21 فروری 2021

قلم اور قلم کار کی اہمیت وضرورت ہر دور میں مسلّم رہی ہے۔ قلم کی گواہی خود خالق کائنات نے دی ہے، جو اس کی عظمت، اہمیت و ضرورت کی دلیل ہے۔ قلم علم و دانش اور تہذیب انسانی کے ارتقاء کا ذریعہ ہے۔

قلم کی بدولت انسان غاروں سے نکل کر مہذب دور میں رہائش پذیر ہوا۔ قلم نے قوموں کی تقدیر بدلنے اور غفلت میں ڈوبی قوموں کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کی آزادی میں قلم کا اہم کردار ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد کا قلم ’’الہلال‘‘ میں اور مولانا ظفر علی خان کا قلم’’زمیندار‘‘ میں عوام میں آزادی کی روح پھونکتا تھا۔ قلم علم و آگہی کا بہترین ذریعہ ہے، جو تدبر وتفکر کے بند دریچوں کو وا کرتا ہے۔

عالموں، دانشوروں، لکھاریوں، ناول نگاروں، افسانہ نگاروں، ادیبوں اور نقادوں کو قلم کی وجہ سے ہی دوام عطا ہواہے، صدیوں انہیں یاد رکھا جاتا ہے، یہ سب قلم ہی کے مرہون منت ہے۔ اپنی ثقافت، مذہبی تعلیمات، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور قومی ہیروزکی خدمات کواگلی نسل تک پہنچانا قلم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ قلم سے معاشرتی اصلاح نہایت احسن انداز میں کی جا سکتی ہے۔ صدیوں سے اہل علم و دانش قلم کے ذریعے یہ فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

قلم اور قلم کار کا رشتہ گہرا ہے۔ کالم نگار و کالم نویس دیگر مصنفین کی طرح بہترین قلم کار ہیں۔ کالم نویسی کی تاریخ کافی پرانی ہے۔ادارتی صفحے پر کالموں کا سلسلہ مغرب میں شروع ہواتھا۔ کالم نگار سیاست، سماجی مسائل، ادبی معاملات اور دیگر اہم موضوعات پر اپنا زاویہ نظر اختصار سے لکھتے تھے۔ کالم کے ابتدائی دور میں اخبارات کم شایع ہوتے تھے،ان کے صفحات بھی کم ہوتے تھے۔

لکھنے والے بھی کم ہی ہوتے تھے، لیکن اس وقت جید اور بلند پائے کے قلم کار ہی اخبارمیں مختلف موضوعات پر خامہ فرسائی کیا کرتے تھے، جن میں بیشترنے ادب کی دنیا سے کالم نگاری کے میدان میں قدم رکھا اور اپنے پیچھے گراں قدر ادبی و علمی سرمایہ چھوڑ گئے۔وہ ہمیشہ ذمے داری سے لکھتے اور بْردباری کا مظاہرہ کیا کرتے تھے۔

آج وطن عزیز میں روزانہ سیکڑوں اخبارات نکلتے ہیں اور ہر اخبار میں اوسطاً چھ سے بارہ کالم شایع ہوتے ہیں۔ کالم نگار ہونا فخر کی علامت سمجھی جاتی ہے، اسی لیے معاشرے میں دن بدن کالم نگاری کا شوق بڑھتا جارہا ہے اور اخبارات کے ساتھ کالم نگاروں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کالم نویسی باقاعدہ ایک فن، اہم فریضہ اور ایک بھاری ذمے داری ہے ۔

کالم نگار معاشرے کی تصویرکو اپنے خیالات، نظریات اور فکر کے ذریعے قلم کی زبان عطا کر کے الفاظ کے روپ میں ڈھالتا ہے۔ وہ جو دیکھتا اور سوچتا ہے، اسے الفاظ کے ذریعے دوسروں کے ذہن پر ثبت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔معاشرے میں پائے جانے والے افکار کا مشاہدہ کراتا ہے اور مشاہدے کی طاقت سے معاشرے اور اس میں ہونے والے تمام افعال کو الفاظ کی تصویر پہناتا ہے۔ وہ خود کو معاشرے کے لیے وقف کیے ہوتا ہے۔

کالم نگاری کی سماجی و سیاسی،تہذیبی و تمدنی،اخلاقی اور ہمہ گیر وسعت و معنویت اور افادیت و اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ کئی کالم نگاروں کی تحریروں نے قارئین کی ذہنی سطح بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔کئی کالم نگار اپنے قارئین کو مختلف موضوعات پر نئے زاویے اور جدید خیالات سے روشناس کراتے ہیں، جس کی بدولت لوگوں میں کسی جماعت یا مکتبہ فکر کی اندھی تقلید کے بجائے حقائق پر مبنی رائے رکھنے کا رحجان پیدا ہوتا ہے۔ مخلص اور اچھا کالم نگار ہزاروں لوگوں کی کردار سازی کرسکتا ہے۔اس کا قلم غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح ثابت کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ اس کے الفاظ رائے عامہ بدلتے ہیں۔ اس کے نظریات و افکار قارئین کے ذہنوں میں جگہ بنا لیتے ہیں۔

سچا کالم نگار اپنے قارئین سے محبت کرتا ہے اور محبت میں جھوٹ، ریاکاری اور منافقت نہیں ہوتی، بلکہ حق اور سچ ہوتا ہے۔ وہ اخلاص، مثبت اور معتدل سوچ کے ساتھ لکھتا ہے اور اپنے مفادات کی خاطر کبھی ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔اس کے پیش نظر حقائق ہوتے ہیں۔ کالم نگار ایک مصلح کی طرح ہوتا ہے۔ معاشرے کے سامنے صحیح اور غلط راہ کی نشاندہی کرنا اس کی ذمے داری ہوتی ہے۔

جوں جوں زمانے میں جدت آرہی ہے، توں توں حالات بھی بدل رہے ہیں۔ لوگوں کی سوچ و فکر بھی تبدیل ہورہی ہے۔ اب کالم ماضی کی طرح موثر نہیں رہا۔ کالم نگار شکوہ کرتے ہیں کہ بہت سے لوگ کالم کو نظریہ سازی کے بجائے صرف شوق کے لیے پڑھتے ہیں، جب کہ بیشتر لوگ کالم نگار سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ کالم نگار ماضی کی طرح مخلص نہیں رہا تو قاری کا پہلے جیسا نہ رہنا فطری بات ہے۔

مؤثر کالم نویسی کے لیے علمی پس منظر، اجتماعی شعور ، تحقیقی بصیرت ، معتدل رویہ، شگفتگی و شائستگی اور غیر جانبداری سمیت کئی شرائط ہیں۔ بدقسمتی سے کئی کالم نویس ان اصول و ضوابط سے انحراف کرتے ہیں۔ ان کی نظر اپنے تعلقات اور مفادات پر ہوتی ہے۔وہ کسی پارٹی سے تعصب، مفاد اور رنجش رکھتے ہیں۔ایسے کالم نگار حق سچ اور دل اور ضمیر کی آواز نہیں لکھتے، بلکہ لوگوں کی واہ واہ سمیٹنے کے لیے وہی کچھ لکھتے ہیں، جو پڑھنا لوگ پسند کرتے ہیں، چاہے وہ غلط ہو اور لکھاری کی سوچ سے میل نہ کھاتا ہو۔

جو کالم نگار شہرت حاصل کرنے کے لیے مذہب و سیاست کو بنیاد بنا کر متنازع کالم لکھتے ہیں، ایسے کالم نگار یقینا قوم سے خیانت کے مرتکب ہوتے ہیں، کیونکہ ایک کالم نگار ایک مصلح ہوتا ہے، جو عوام کی واہ واہ سمیٹنے کی خاطر ان کی غلط خواہشات پر نہیں چلتا، بلکہ عوام کو درست راستے کی رہنمائی کرتا ہے، چاہے عوام کو قلم کار کی بات کتنی ہی تلخ کیوں نہ لگے۔

کالم نگاروں کے قافلے میں چاہے کتنے ہی مفاد پرست شامل ہو گئے ہوں، لیکن اس کے باوجود آج بھی بہت سے کالم نگار ایسے ہیں، جن کی ہر بات دل سے نکلتی ہے اور دل میں اترجاتی ہے۔ قارئین کی ایک بڑی تعداد انہیں اس لیے پسند کرتی ہے کہ ان کے کالموں میں انہیں نئے رحجانات، حوصلہ افزائی، سچائی اور آگاہی ملتی ہے۔ یہ ہمیشہ سچائی کے قلم سے اپنے ضمیر کی آواز پر بامقصد لکھتے ہیں۔ انہیں ان کی تحریروں کے بدلے میں عوام الناس کی بے تحاشا دعائیں اور بے شمار محبتیں میسر آتی ہیں۔

یہ اپنے قلم کی حرمت ہی کو اپنی کل کمائی سمجھتے ہیں۔ ان کے سینوں میں معاشرے، عوام اور ملک کے لیے درد ہوتا ہے۔ ان کے کالموں میں عوام کے ساتھ ساتھ حکمرانوں کے لیے بھی رہنمائی موجود ہوتی ہے۔ وہ درست بات لکھتے ہیں، چاہے کسی کو بری ہی کیوں نہ لگے۔ کالم نگاری کوایسے لوگوں نے نقصان پہنچایا ہے، جن کا مطمع نظر مفادات کا حصول ہوتا ہے، چاہے اس کے لیے ضمیر کا سودا کرنا پڑے۔

ایک کالم نگار اگر قلم کا صحیح استعمال کرے تو وہ معاشرے کو صحیح خطوط پر استوار کرنے میں ممدومعاون ثابت ہو سکتا ہے۔قلم کی حرمت اور معاشرے کی اصلاح کالم نگار کی ذمے داری ہے۔اگر وہ یہ کام نہیں کرتا تو وہ خیانت کا مرتکب ہے۔اللہ ہر قلم کار کو حق لکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔