’پارٹی گرل‘ کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد ایک ملین تک پہنچ گئی

ویب ڈیسک  اتوار 21 فروری 2021
دنیا بھر سے ملنے والی محبتوں پر آپ سب کی مشکور ہوں، سوشل میڈیا اسٹار دینانیر

دنیا بھر سے ملنے والی محبتوں پر آپ سب کی مشکور ہوں، سوشل میڈیا اسٹار دینانیر

 کراچی: سوشل میڈیا پر ’پاوری گرل‘ کے نام سے وائرل ہونے والی دینانیر مبین نے ایک اور کامیابی حاصل کرلی۔

سیر وتفریح کے مقام پر دوستوں کے ہمراہ بنائی جانے والی ویڈیو میں یوٹیوبر دینانیر کا پارٹی سے متعلق بتانے کا انداز سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا۔ ہر کسی پر اس ویڈیو کا ایسا سحر طاری ہوا کہ وہ بھی اس میں شامل ہوگئے اور منفرد انداز کیساتھ ’پارٹی ہورہی‘ کی ویڈیو بنانے لگے۔

سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ پاکستانی فنکاروں نے بھی اس ٹرینڈ میں شامل ہونا ضروری سمجھا اور پھر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت متعدد نامور شخصیات بھی پارٹی کی ویڈیوز کیساتھ سامنے آتے رہے۔ پارٹی گرل کی یہ ویڈیو سرحد پار بھی بے حد پسند کی گئی اور نامور بالی ووڈ شخصیات نے ’یہاں پارٹی ہورہی‘ کی منفرد ویڈیوز بنائی۔

رات ورات شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی دینانیر کو مقبولیت کی وجہ سے کئی میڈیا چینل پر بھی مدعو کیا جہاں انہوں نے اپنی عام سی ویڈیو کے وائرل ہونے تک کے سفر کی داستاں بتائی۔

دینانیر کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُن کے آفیشل آکاؤنٹ کے بعد اُن کے نام سے اب تک 51 سے زائد جعلی اکاؤنٹ انسٹا گرام پر بنے ہوئے ہیں۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کا چرچہ ابھی تھما نہ تھا کہ اسی دوران انہوں نے ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے۔

دینانیر کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پاوری ویڈیو وائرل ہونے سے قبل چند ہزار فالوورز تھے جوکہ اب دیکھتے ہی دیکھتے دس لاکھ کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔ اس حوالے سے اُن کا کہنا ہے کہ میں بہت زیادہ پرجوش ہوں۔  دنیا بھر سے ملنے والی محبت کی وجہ سے آپ سب کی مشکور ہوں۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1363447828941590528

دوسری جانب دینانیر نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کا حصہ ہونے کا بھی اعلان کیا ہے اور آج ہونے والے میچ کے دوران بھی وہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے کراچی نیشل اسٹیڈیم میں موجود تھیں جہاں انہوں نے سر پر ٹوپی اور زلمی کی ٹی شرٹ پہن کر کہا کہ ’ یہ میں ہوں، یہ اسٹیڈیم ہے اور یہ ہمارا پی ایس ایل 6 ہو رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔