اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

ملتان سلطانز نے مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا


ویب ڈیسک February 21, 2021
ملتان سلطانز نے مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا ۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیئے گئے 151 کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپننگ پر آئے فل سالٹ 13 رنز پر محمد عمر کی بال پر جیمس ونس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔



جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان آئے اور محض 5 رنز پر ہی چلتے بنے۔ ٹیم کے مجموعی 55 کے اسکور پر الیکس ہیلز بھی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ہیلز کے جانے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں، آصف علی 9، افتخار احمد ایک جب کہ حسین طلعت 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد لوئس نے فہیم اشرف کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 117 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف بھی 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد لوئس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دیا اور ملطان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کراویا، پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔



اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کیا جب کہ ملطان سلطانز کی جانب سے کارلوس اور شاہد آفریدی نے 2، 2 اور محمد عمر، خوش دل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔



اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور کرس لین نے کھیل کا آغاز کیا تاہم کرس لین فہیم اشرف کی گیند پر سالٹ کے ہاتھوں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے جیمس ونس کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 52 کے مجموعی اسکور پر جیمس ونس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔



ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ نصف سنچری کے ساتھ اسکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا اور 71 رنز پر محمد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شاہد آفریدی آئے اورکھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی وہ محمد وسیم کا شکار بن کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 150 رنز اسکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 151 رنز کا ہدف دے دیا جب کہ بالنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم نے 3 اور لوئس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔



واضح رہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹ سے شکست دی، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے جب کہ لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |