عوام میرے جسم کے بجائے اصل مسائل پر توجہ دیں، آمنہ الیاس

ویب ڈیسک  اتوار 21 فروری 2021
سوشل میڈیا صارفین نے آمنہ الیاس کی تصویر پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو:فائل

سوشل میڈیا صارفین نے آمنہ الیاس کی تصویر پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو:فائل

 کراچی: اداکارہ آمنہ الیاس نے بولڈ تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد عوامی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنی توجہ میرے جسم کے بجائے اصل مسائل پر مرکوز رکھیں۔

آمنہ الیاس نے انسٹا گرام پر اپنا ایک فوٹو شوٹ شیئر کیا تھا جس میں وہ غیر مناسب لباس زیب تن کیے نظر آرہی تھیں۔ اسی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں اس طرح کی مزید تصاویر شیئر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

صارفین کی تنقید پر آمنہ الیاس نے اسی لباس میں ایک اور تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ میں یہ سوچ کر تھک چکی ہوں کہ کمنٹس میں میرا جسم ہی کیوں واحد موضوع ہے؟ جس پر بار بار بات کی جارہی ہے، کیا آپ لوگوں کو میرے بال، میک اپ، گجرا یا بالیاں پسند نہیں آئیں؟

پوسٹ شیئر کرنے کے باوجود آمنہ الیاس کا غصہ کم نہ ہوا تو انہوں نے انسٹا پر اسٹوری بھی شیئر کی جس میں انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مزید جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آفات، غربت، بچوں کا جنسی استحصال، عصمت دری، گھریلو تشدد، جنگ اور اس طرح کہ نجانے کتنے مسائل موجود ہیں اس پر بات کیوں نہیں ہورہی؟

یہ پڑھیں: آمنہ الیاس کا رنگ گورا کرنے والوں کے لیے آٹے میں منہ ڈال کر منفرد پیغام

آمنہ الیاس نے یہ بھی کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ ان تمام مسائل کے باوجود میرے جسمانی خدوخال مسائل کی فہرستوں میں اول درجے پر ہیں اس لیے میں عوام سے کہنا چاہوں گی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ میرے جسم کے بجائے اصل مسائل پر مرکوز رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔