غیر قانونی چینی سبسڈی لینے والے ہر شخص کیخلاف کارروائی ہوگی، چیرمین نیب

ویب ڈیسک  پير 22 فروری 2021
تمام صوبوں سے چینی سبسڈی کی تفصیلات معلوم کی جائیں، جاوید اقبال

تمام صوبوں سے چینی سبسڈی کی تفصیلات معلوم کی جائیں، جاوید اقبال

 اسلام آباد: چیرمین نیب نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر چینی سبسڈی لینے والے ہر شخص کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں شوگر سبسڈی اسکینڈل کی تحقیقات اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شوگر سبسڈی اسکینڈل کی تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم( سی آئی ٹی) کر رہی ہے۔ چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو ہدایت کی کہ تحقیقات کو شفاف، غیر جانبدارانہ، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کیا جائے، اس سلسلے میں تمام صوبوں سے چینی سبسڈی کی تفصیلات معلوم کی جائیں، ایس ای سی پی سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرکے معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے۔

چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ چینی سبسڈی اسکینڈل کی تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا قانون کے مطابق پورا موقع فراہم کیا جائے، غیر قانونی طریقہ سے چینی سبسڈی وصول کرنے والے ہر اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جن کو قواعد و ضوابط کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے نہ صرف چینی سبسڈی دی گئی بلکہ قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔