راولپنڈی میں 100 سالہ قدیم مندر کا قبضہ چھڑالیا گیا

نمائندہ ایکسپریس  پير 22 فروری 2021
مندر کو مرمت کے بعد ہندو برادری کے لیے بحال کیا جائے گا

مندر کو مرمت کے بعد ہندو برادری کے لیے بحال کیا جائے گا

 راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے لال حویلی کے قریب 100 سالہ قدیم مندرکا قبضہ مافیا سے واگزار کرالیا۔

مندر کا قبضہ محکمہ اوقاف کے سپرد کرکے مرمت کے بعد ہندو برادری کے لیے بحال کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری، محکمہ مال اور پولیس نفری کے ساتھ آپریشن کیا، قدیم مندر پر کئی سالوں سے بہت سے لوگ ناجائز قابض تھے، جنہوں نے مندر کے چاروں اطراف دکانیں تیار کررکھی تھی جہاں کپڑے کا کاروبار کیا جارہا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری کا کہنا تھاکہ قدیم مندر سرکاری ریکارڈ میں بھی موجود ہے، 1960 میں یہ مندر متاثر ہوا تھا جس سے اس کی مرکزی عمار ت کو نقصان پہنچا تھا، اس مندر کی دیواروں اور داخلی راستوں پر قبضہ کرکے دکانیں تعمیر کی گئی تھی۔ ان کاکہنا تھاکہ سرکاری زمینوں سے قبضہ خالی کرانے کے لیے مقامی افراد نے انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جس سے مندر کے تمام حصوں سے قبضہ چھڑالیا گیا ہے، اس مند ر کو محکمہ اوقاف کے سپرد کیا جارہا ہے جس کا مقصد اس مندر کی مرمت کرنا ہے تاکہ اس کو ہندو برادری کے حوالے کردیا جائے اور وہ یہاں آکر عبادت کرسکیں۔

اے سی سٹی کا مزید کہنا تھاکہ وزیر اعظم کے حکم پر راولپنڈی میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جارہی ہیں جن کا مقصد سرکاری زمینوں سے غیر قانونی قبضہ ختم کروانا ہے، ان کا کہنا تھاکہ مندر کی بحالی سے بازار کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، مندر راولپنڈی کا تاریخی ورثہ ہے اس کی بحالی سے ٹورسٹ بھی اس بازار کا دورہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔