سونے کی قیمتیں رواں سال کے پہلے ہفتے میں بڑھ گئیں

تولہ 1700روپے اضافے سے51ہزار، 10گرام قیمت 1457 روپے بڑھ کر43714 ہو گئی

چاندی کی قیمتیں بھی10روپے تک بلند، تولہ810 اور10گرام694.28روپے رہی۔ فوٹو: فائل

سونے کی قیمتوں میں رواں سال کے آغاز پر اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے۔

گزشتہ ہفتے سونے کی عالمی قیمت 24ڈالر، تولہ 1700 روپے اور 10 گرام 1457 روپے بڑھ گئی۔ یاد رہے کہ سال 2013 میں سونے کی قیمتوں میں 12ہزار500 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم نئے سال کے آغاز پر رجحان بدل گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آغاز پربین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت1213 ڈالر تھی جو ہفتے کے اختتام پر 24 ڈالر کے اضافے سے1237 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، اس اضافے کے نتیجے میں پاکستان بھر میں سونے کی قیمتیں بڑھ گئیں۔




کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک ہفتے کے دوران سونے کی تولہ قیمت 49300 روپے سے بڑھ کر 51 ہزار اور 10گرام قیمت 42257 روپے سے بڑھ کر 43714 روپے ہوگئی، سونے کی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا اور چاندی کی عالمی سطح پر قیمت 19.92 ڈالر سے بڑھ کر 20.18 ڈالر فی اونس ہوگئی جس کے نتیجے میں پاکستان میں چاندی کی تولہ قیمت 10 روپے اضافے کے ساتھ 800 روپے سے بڑھ کر 810 روپے جبکہ دس گرام قیمت 685.71 سے بلند ہو کر 694.28 روپے کی سطح پر آگئی۔
Load Next Story