ٹریفک حادثات صرف 2 ماہ میں 37 افراد جاں بحق 58 زخمی

حادثے کی ذمے دار گاڑیوں میں ٹریلر سرفہرست رہا جس نے 6 شہریوں کی جان لی۔

واٹر ٹینکر نے سڑکوں پر5 افراد کو روندا 3 موقع پر ہی دم توڑ گئے،ٹرک کی ٹکر سے 3 افراد ہلاک اور4 زخمی ہوگئے ۔ فوٹو : فائل

ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والوں سے متعلق اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔

رواں سال ٹریفک پولیس کے 7 زونز میں 45 ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 37 افراد جاں بحق جبکہ 58 افراد زخمی ہوئے سب سے زیادہ ٹریفک حادثات میں 9 اموات ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہوئیں ، حادثے کی ذمے دار گاڑیوں میں ٹریلر سرفہرست رہا جس کی ٹکر سے 6 شہری جان کی بازی ہارے جبکہ سب زیادہ 16 افراد کوچ کی ٹکر سے زخمی ہوئے۔

ٹریفک زون ڈسٹرکٹ سٹی میں خوش قسمتی سے کوئی ٹریفک حادثہ پیش نہیں آیا، ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے رواں ماہ 22 فروری تک ٹریفک زون ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 10 ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے۔


ٹریفک زون ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 9 ٹریفک حادثات میں 9 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 7 شہری زخمی ہوئے ، ٹریفک زون ڈسٹرکٹ ایسٹ 7 ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔

ٹریفک زون ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 12 ٹریفک حادثات میں 9 شہری زندگی سے محروم جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے ، ٹریفک زون ڈسٹرکٹ کورنگی میں 2 ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ، ٹریفک زون ڈسٹرکٹ ملیر میں 5 ٹریفک حادثات کے دوران 6 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس دورانیہ میں ٹریفک زون ڈسٹرکٹ سٹی میں خوش قسمتی سے کوئی ٹریفک حادثہ پیش نہیں آیا جبکہ گزشتہ سال 2020 کے اسی دورانیہ میں ٹریفک حادثات کی مجموعی تعداد 37 تھی جس میں 32 افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان کے مطابق رواں سال 22 فروری تک ٹریفک حادثادت میں ٹریلر کی ٹکر سے پیش آنے والے 5 حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ، کوچ کی ٹکر سے پیش آنے والے 4 ٹریفک حادثات میں 3 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے، منی بس کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ، ٹرک کی ٹکر سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ، ڈمپر کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے اس کے علاوہ نامعلوم گاڑیوں کی ٹکر سے 5 ٹریفک حادثات پیش آئے جس میں 4 شہری زندگی سے محروم ہوگئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
Load Next Story