امریکی کمپنی نے کورونا ویکسین سے2021 میں ہونے والی آمدن بتادی

امریکی کمپنی کورونا کی نئی سامنے آنے والی اقسام کے مقابلے کے لیے بھی ویکسین پر مزید کام کررہی ہے


ویب ڈیسک February 25, 2021
2021 میں موڈرینا 70 کروڑ سے 1 ارب تک ویکیسن کی خوراکیں تیار کرے گی(فوٹو، انٹرنیٹ)

کورونا ویکسین بنانے والی ایک اور امریکی کمپنی نے 2021 میں اس کی فروخت سے ہونے والے آمدن کا اندازہ بتا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کمپنی موڈرینا نے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں سال اس کی تیارہ کردہ ویکیسن کی کل فروخت 18 اعشاریہ 4 ارب ڈالر تک جائے گی اور 2010 میں اپنے قیام کے بعد کمپنی پہلی مرتبہ منافعے میں جائے گی۔ اس سے قبل امریکی کمپنی فائزر بھی کورونا ویکسین سے ہونے والی آمدن کا تخمینہ بتا چکی ہے۔

واضح رہے کہ صرف فائزر اور موڈرینا کی تیار کردہ ویکسین کو امریکا میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں یہ ان دونوں کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کئی دیگر ممالک کو بھی فراہم کی جارہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: امریکی کمپنی فائزر نے کورونا ویکسین سے ہونے والی ممکنہ آمدن بتادی

کمپنی کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسراسٹیفن بینکل کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی سامنے آنے والی اقسام کے مقابلے کے لیے بھی ویکسین پر مزید کام ہورہا ہے جب کہ کئی حکومتیں اس حوالے سے بھی فکر مند ہیں کہ انھیں اپنے شہریوں کو دیگر اقسام کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں ویکسین کی ''بوسٹر'' خوراک فراہم کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال کے پیش نظر موڈرینا کمپنی اپنی پیدواری صلاحیتوں کو بڑھا رہی ہے اور 2021 میں کمپنی 70 کروڑ سے 1 ارب تک ویکیسن کی خوراکیں تیار کرے گی۔

علاوہ ازیں کمپنی اگلی جنریشن کی خوراکیں تیار کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے جنھیں محفوظ بنا کر ترقی پذیر ممالک کو فراہم کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق اب تک 6 کروڑ ویکسین کی خوراکوں کی ترسیل کی جاچکی ہے جب کہ 10 کروڑ خوراکوں کے لیے خام مال دستیاب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں