وسیم خان کی نوکری مزید پکی ہونا یقینی

کل کراچی میں گورننگ بورڈ میٹنگ میں ایک سالہ توسیع پر بات ہوگی

ریجنل ٹیموں کے لیے بہت کم رقم کی بڈز ملنے کاارکان کوبتایا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

وسیم خان کی نوکری مزید پکی ہونا یقینی ہوگئی،ہفتے کو کراچی میں گورننگ بورڈ میٹنگ میں ایک سالہ توسیع پر بات ہوگی، قومی ٹیم کی کارکردگی،پی ایس ایل، ایسوسی ایشنز کے معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کے ارکان ہفتے کو کراچی میں ملاقات کر رہے ہیں، اس موقع پر وسیم خان کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا،چیف ایگزیکٹیو کے عہدے کی معیاد آئندہ سال فروری میں ختم ہوگی۔


معاہدے کے مطابق طے پایا تھا کہ فریقین ایک سال قبل ہی آئندہ مدت کیلیے توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے، گذشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تھا کہ میری خواہش ہے کہ وسیم خان مزید 3سال بورڈ کیلیے کام کریں، اس صورتحال میں قوی امکان ہے کہ ان کے عہدے کی مدت میں کم ازکم ایک سال کی توسیع کردی جائے گی۔

ہفتے کو چیئرمین احسان مانی کی زیرصدارت اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اراکین کو کرکٹ امور پربریفنگ دیں گے،قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد فیوچر ٹورز پر بھی بات ہو گی، پی ایس ایل کے معاملات سے اراکین کو آگاہی دی جائے گی، کورونا کی صورتحال میں کرکٹ جاری رکھنے کیلیے کیے جانے والے اقدامات اور 50فیصد کراؤڈ کی اجازت ملنے پر نئی حکمت عملی پر بھی بات ہوگی۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات اور ایسوسی ایشنز کی پرنسپل اسپانسرشپ کی فروخت کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریجنل ٹیموں کیلیے بہت کم رقم کی بڈز موصول ہوئی ہیں، پی سی بی نے ڈپارٹمنٹس کو حق دیا ہے کہ وہ اس پیشکش کو پیش نظر رکھتے ہوئے کسی بھی ٹیم کے حقوق حاصل کرسکتے ہیں، ان کے انکار کی صورت میں دوسرا فیصلہ کیا جائے گا۔
Load Next Story