نائیجیریا میں اسکول پر مسلح افراد کا حملہ سیکڑوں طالبات اغوا

اس علاقے میں بورڈنگ اسکول سے بچوں کے اغوا کا ایک ہفتے میں یہ دوسرا واقعہ ہے


ویب ڈیسک February 26, 2021
حملے کے بعد کی گئی گنتی میں 300 طالبات کم ہیں، ٹیچر، فوتو : فائل

افریقی ملک نائیجیریا میں ایک بورڈنگ اسکول پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور سیکڑوں کو طالبات کو اغوا کرکے لے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک نائیجیریا کی ریاست زمفارا کے بورڈنگ اسکول سے نامعلوم مسلح افراد سیکڑوں طالبات کو اغوا کر کے لے گئے۔ اس علاقے میں ایک ہفتے میں طلبا کے اغوا کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اسکول کے ایک استاد اور بچوں کے والدین نے اسکول پر مسلح افراد کے حملے اور طالبات کے اغوا کی تصدیق کی جب کہ زمفارا کے انفارمیشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مغوی طالبات کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم اندازے کے مطابق یہ سیکڑوں میں ہوسکتی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : نائیجیریا میں اسکول پر حملہ ، 400 سے زائد بچے لاپتا

ادھر گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول جنگیبی کی ایک استانی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کے بعد اسکول سے کم از کم 300 طالبات لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں عام ہیں۔ ایسے واقعات اب روزانہ کی بنیاد پر سامنے آرہے ہیں، رواں ہفتے طلبا کے اغوا کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی ایک بورڈنگ اسکول پر مسلح حملے میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا تھا اور 27 طلبا سمیت 42 افراد کو اغوا کرلیا گیا تھا جب کہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی 300 طلبا کو اغوا کرلیا گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔