کراچی میں آپریشن کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں منور حسن

بھارت سے دوستی نہ کرنے، امریکی غلامی سے نجات کا اعلان کیا جائے، مجلس شوریٰ کی قرارداد


Numainda Express January 06, 2014
حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا،نیٹو سپلائی بندش کا سرکاری اعلان کیا جائے۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کراچی میں ایک ہی دن 17افراد کے قتل پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ سے جاری آپریشن کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں، شہر میں روزانہ لاشیں گرتی ہیں مگر قاتلوں کا سراغ نہیں ملتا۔

جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کے 3 روزہ اجلاس کے آخری روز وفود اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کراچی میں اندھیروں کا راج ہے، ایم کیوایم کے اقتدار میں آنے سے کراچی گزشتہ 18سال سے بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین وارداتوں کا گڑھ بنا ہوا ہے، آج یہ عفریت ملک توڑنے اور علیحدگی کے مطالبے تک پہنچ گیا ہے، اگر ان عناصر پر بروقت قابو پا لیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔

 photo 13_zpse5d8fe71.jpg

قبل ازیں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے موجودہ سیاسی حالات اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد میں کہا کہ یہ صورتحال المیے سے کم نہیں کہ موجودہ حکومت نے بھی غیرملکی ایجنڈے اور آئی ایم ایف کی ہدایات پر عملدرآمد کا راستہ اختیار کرتے ہوئے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، حکمرانوں نے جرأت مندانہ پالیسی اپنانے کے بجائے امریکا کی خوشنودی اور بھارت سے غیر مشروط دوستی کو اپنی تمام پالیسیوں کا محور بنا لیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مرکزی حکومت واضح اعلان کرے کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر سمیت تنازعات کو حل کرنے اور پاکستان میں تخریب کاری کے خاتمہ کا اعلان نہیںکرتا، دوستی کی پینگیں نہیں بڑھائی جائیںگی، امریکی غلامی کی پالیسی کو ختم کرتے ہوئے پہلے مرحلہ میں نیٹو سپلائی کے خاتمے کا سرکاری اعلان کیا جائے، سود کی لعنت ختم کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں