سینیٹ الیکشن میں حکومت نے دیر کردی اس کے ارکان ہم سے رابطے میں ہیں بلاول

حکومتی ارکان اور اتحادیوں کے لیے موقع ہے ثابت کریں عوام کے ساتھ ہیں یا کٹھ پتلی کے ساتھ کھڑے ہیں، چیرمین پی پی

جب سیاستدان، عدلیہ اور فوج کیلئے ایک قانون ہوگا تب ہی کرپشن ختم ہوگی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔

کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو نالائق و ناجائز حکومت سے بچائیں گے، سی پیک کی بنیاد پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری نے رکھی تھی، سی پیک کا نام اس لیے رکھا کہ پسماندہ علاقے کو فائدہ پہنچانا تھا، لیکن نالائق حکومت سی پیک منصوبہ ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں سب سے آگے ہے اور اس نے سارے ریکارڈز توڑ دیے ہیں، 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ ختم کرنےکی اجازت نہیں دیں گے، دھاندلی زدہ حکومت نے ملک میں بحران پیدا کیا ہے اور عوام کو مہنگائی کے طوفان میں ڈبودیا ہے، پاکستان میں آج مہنگائی افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی زیادہ ہے، کٹھ پتلی حکومت میں صلاحیت نہیں کہ حکومت چلاسکے۔


یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

چیرمین پی پی پی نے کہا کہ سیاست دان ہو، یا عدلیہ، فوج اور سرکاری ملازمین، جب سب کے لئے ایک قانون ہوگا تب ہی کرپشن کے ناسور کو ختم کرسکیں گے، بلین ٹرین، علیمہ باجی کی سلائی مشینوں سمیت جگہ جگہ کرپشن ہے، اس نالائق حکومت کا ہرمیدان میں مقابلہ کر رہےہیں، ضمنی انتخاب میں فتح نے ثابت کیا عوام پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں بلکہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں، حکومت کو پہلی بار اپنے ہی ایم این ایز، ایم پی ایز اور اتحادیوں سے بات کرنے پر مجبور کردیا لیکن اب بہت دیر ہوچکی، وہی ایم این ایز اور اتحادی ہم سے بھی رابطے میں ہیں، یہ ان کے لیے ایک موقع ہے وہ ثابت کریں کہ وہ عوام کے ساتھ ہیں یا کٹھ پتلی کے ساتھ کھڑے ہے۔

بلاول نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو اسلام آباد سے پی ڈی ایم کا امیدوار کھڑا کرنے پر حکومت بہت پریشان ہے، حفیظ شیخ کو کامیاب کرانا مہنگائی میں اضافہ اور آئی ایم ایف کے غلامی کے مترادف ہے، یوسف رضاگیلانی کی کامیابی سے پارلیمان کی عزت میں اضافہ ہوگا اور جمہوریت کامیاب ہوگی، سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ ہونا ہے، اس مارچ کیلئے عوام تیاری پکڑیں، کٹھ پتلی ناجائز وزیراعظم کو گھر بھجوادیں گے۔
Load Next Story