پرویزمشرف غدار ہیں تو کیا ن لیگ کےوزراء نے2008 میں غدار سے حلف لیا تھا پرویزالٰہی

سابق آرمی چیف کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنا اچھی روایت نہیں ہوگی، رہنما مسلم لیگ (ق)

پرویز مشرف نے ملک میں 2 مرتبہ انتخابات کرائے اور تمام جماعتوں نے ان میں حصہ لیا، چوہدری پرویز الہیٰ ، فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنا اچھی روایت نہیں ہوگی۔ اگر وہ غدار ہیں تو کیا مسلم لیگ (ن) کے وزراء نے 2008 میں ایک غدار سے حلف لیا تھا؟۔


لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے مہنگائی پر قابو پانے اور امن و امان کی صورت حال بہتر کرنے کی ضرورت ہے لیکن موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں کسی کو خوش کرنے کے بجائے انصاف پرمبنی ہونی چاہیے دوسری صورت میں عدالتیں انہیں کالعدم قرار دیتی رہیں گی، انھیں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے اور اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ (ق) اس میں بھرپور حصہ ضرور لے گی۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے خلاف مقدمہ قائم کرنا ملک میں اچھی روایت نہیں ہوگی، پرویز مشرف نے ملک میں 2 مرتبہ انتخابات کرائے اور تمام جماعتوں نے ان میں حصہ لیا، مسلم لیگ (ن) کے بعض وزرا نے ماضی میں پرویز مشرف سے حلف بھی لیا تھا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر وہ غدار ہیں تو کیا مسلم لیگ (ن) کے وزراء نے کیا ایک غدار سے حلف لیا تھا؟۔
Load Next Story