امریکا میں تیسری کورونا ویکسین کی منظوری

امریکا میں پہلے ہی فائزر اور میڈورنا کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری دی جا چکی ہے


ویب ڈیسک February 28, 2021
امریکا میں جانسن اینڈ جانسن ، فائزر اور میڈورنا کے بعد منظور ہونے والی تیسری ویکسین ہے، فوٹو: فائل

امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اتھارٹی نے فائزر اور میڈورنا کے بعد جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے استعمال کی بھی منظوری دے دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی 'جانسن اینڈ جانسن' کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی منظوری دیدی گئی ہے۔ اس سے قبل امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ کے ادارے نے 'فائزر' اور 'موڈرنا' کی کورونا ویکسنز کی بھی منظوری دی تھی۔

اس وقت دنیا بھر میں چین، امریکا، روس اور برطانیہ کی تیار کردہ 5 سے زائد ویکسنز لگائی جارہی ہیں تاہم ان سب پر جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کو اس لحاظ سے فوقیت حاصل ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین صرف ایک ٹیکے پر مشتمل ہے۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا میں ایف ڈی اے نے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

دیگر کورونا ویکسین کے برعکس جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی صرف ایک ٹیکہ ہونے کی وجہ سے ویکسی نیشن میں آسانی ہوگی اور اسی وجہ سے اکثر ممالک جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کو اہمیت دے رہے ہیں۔

امریکی دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کے ٹرائل 3 براعظموں میں کیے گئے، ٹرائل کے دوران ویکسین لوگوں کو اسپتال میں داخلے سے بچانے، شدید بیمار ہونے اور وائرس سے ہلاکت کے خلاف 85 فی صد تک موؐثر پایا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی ادارے 'ایف ڈی اے' نے فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ویکسین ان ممالک میں بھی کار آمد ثابت ہوئی ہے جہاں جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی شکل تیزی سے پھیل رہی ہے۔

جانسن اینڈ جانسن نے آئندہ ماہ کے اختتام تک امریکا کو ویکسین کی دو کروڑ خوراک مہیا کرنے کی امید ظاہر کی ہے جب کہ موسمِ گرما تک 10 کروڑ ٹیکے دستیاب ہوں گے۔

جانسن اینڈ جانسن نے عالمی ادارہٗ صحت اور یورپی ممالک سے بھی ویکسین کی منظوری کے لیے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں