عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی توپھرشدید احتجاج ہوگاعمران خان

4حلقوں میں تحقیق ہوئی تو پتاچل جائے گا کہ عام انتخابات کے دوران تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کی گئی تھی،عمران خان


ویب ڈیسک January 06, 2014
پاکستان تحریک انصاف عدل و انصاف کا نظام لا کر نیا پاکستان بنائے گی، عمران خان۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی توپھرشدید احتجاج ہوگا اورعوام باہر نکل آئیں گے۔

عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے شروع ہونے والی سونامی پنجاب میں آکر رُک گئی، سندھ میں نہ آنے پر وہ یہاں کے عوام سے معافی مانگتے ہیں، سندھ کےعوام مظلوم ہیں ان پرسب سے زیادہ ظلم کئےجاتے ہیں اور تحریک انصاف مظلوموں کی جماعت ہے ہم انہیں متحد کررہے ہیں کیونکہ جب تک قومیں اکٹھی نہیں ہوں گی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا اور ظالم کو موقع ملتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کرنے کے لئے ہمیشہ مظلوموں کو تقسیم کیا جاتا ہے اور اس کے مختلف معاملات پیدا کئے جاتے ہیں وہ یقین دلاتے ہیں کہ تمام صوبوں کے متفق ہونے تک کالاباغ ڈیم یاکوئی اورڈیم نہیں بنے گا۔

عمران خان نے کہا کہ انتخابات کے دوران صوبوں میں اپنے امپائر لگائے گئے اور بدترین دھاندلی کی گئی، انہوں نے تمام تر تحفظات کے باوجود انتخابات تو قبول کرلئے ہیں لیکن دھاندلی کو قبول نہیں کیا ، ان کا آج بھی یہی مطالبہ ہے کہ 4حلقوں میں تحقیق ہوئی تو پتاچلے گا کہ 11 مئی کو تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی تھی۔ اگر بلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی ہوئی توسڑکوں پر احتجاج ہوگا اور عوام باہر نکل آئیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ جس ملک میں انصاف نہیں وہاں ظلم ہوتا ہے، پاکستان تحریک انصاف عدل و انصاف کا نظام لا کر نیا پاکستان بنائے گی۔ یہ کیسا احتساب ہے کہ ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے، خیبر پختونخوا پورے پاکستان کے لئے مثال بنےگا کیونکہ وہاں پولیس کوغیرسیاسی بنایا گیا ہے، تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں احتساب کا ایسا نظام لارہی ہے کہ جس کے خلاف کرپشن کا ثبوت ہوگا اس کےخلاف کارروائی ہوگی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ اور وزیروں کو بھی نہیں چھوڑاجائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں امن نہیں اور ہمارا یہ موقف ہے کہ جب تک ہم امریکا کی جنگ سےنہیں نکلیں گے ملک میں امن نہیں ہوگا ، کوئی یہاں اپنا سرمایہ نہیں لگائے گا اور خوشحالی نہیں آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔