حلیم عادل شیخ کی 2 مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد

حلیم عادل شیخ پر پی ایس 88 اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمات میں ضمانت مسترد کی گئی


کورٹ رپورٹر March 01, 2021
منتظم عدالت نے درخواستیں اے ٹی سی نمبر 3 میں منتقل کردی تھیں فوٹو: فائل

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی 2 مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد جبکہ پی ٹی آئی رہنما میر سمیر شیخ اور ان کے ڈرائیور کی ضمانت منظور کرلی۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 3 نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ، میر سمیر شیخ اور ڈرائیور کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی 2 مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے ملیر میمن گوٹھ میں حلیم عادل شیخ پر پی ایس 88 اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمات میں ضمانت مسترد کی جب کہ خصوصی عدالت نمبر 3نے تحریک انصاف کے رہنما میر سمیر شیخ اور ان کے ڈرائیور غلام مصطفٰی کی مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے 50، 50 ہزار کے مچلکوں کے عیوض ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سمیر شیخ کے وکلا شاہد سومرو اور سیفی علی ایڈوکیٹس نے موقف اپنایا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف مقدمات بدنیتی پر مبنی قائم کیئے گئے۔ سمیر شیخ تجاوزات آپریشن اور ضمنی الیکشن کے دوران موقع پر موجود نہیں تھے۔ سیفی علی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ اس سے پہلے خصوصی عدالت نمبر 3 نے ضمانت کی درخواستوں کو غیر موثر ہونے پر خارج کردیا تھا۔ کیونکہ تفتیشی افسر نے بیان دیا تھا کہ ابھی تک مقدمات میں ملزم میر سمیر کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ جس پر پولیس کی طرف سے گرفتاری ظاہر کرنے پر دوبارہ درخواستیں انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں دائر کی گئیں۔ منتظم عدالت نے درخواستیں اے ٹی سی نمبر 3 میں منتقل کردی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں