امیتابھ بچن نے اپنی بیماری سے متعلق بتا دیا

اس عمر میں یہ سرجری نازک ہوتی ہے جو سرجن سے انتہائی احتیاط اور مہارت کا تقاضہ کرتی ہے، اداکار


ویب ڈیسک March 01, 2021
اداکار کو ایک بجائے تین تین چیزیں نظر آرہی تھیں، فوٹو : فائل

عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار امیتابھ بچن طبی مسائل کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے اور وہ بیماری کے باعث زیادہ لکھ بھی نہیں پا رہے تھے جس پر مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی تاہم اب سپراسٹار نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق تازہ صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میگا اسٹار امیتابھ بچن نے اپنے تازہ بلاگ میں طبیعت سے متعلق تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ میری آنکھ کی سرجری ہوئی ہے۔ اس قبل میں خود کو سابق کرکٹر گیری سوبرز کی طرح محسوس کر رہا تھا۔

امیتابھ بچن نے مزید لکھا کہ اس عمر میں آنکھ کا آپریشن بہت نازک ہوتا ہے جس میں انتہا درجے کی احتیاط اور مکمل مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس کے لیے میں اپنے سرجنز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ خبر پڑھیں : امیتابھ کی طبیعت سے متعلق حالیہ پوسٹ سے مداح تشویش میں مبتلا

امیتابھ بچن نے گیری سوبرز کی مثال اس لیے دی کیوں کہ ایک میچ میں سابق کرکٹر نے تیز رفتار نصف سینچری بناکر بھارتی ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ کارنامہ کس طرح ادا کیا تو گیری سوبرز کا جواب تھا کہ مجھے تین تین گیندیں نظر آرہی تھیں اور میں نے درمیان والی کو نشانے پر رکھا۔

یہ بھی آنکھوں کی ایک بیماری ہوتی ہے جس میں کبھی کبھی ایک کی جگہ تین تین اشکال نظر آنے لگتے ہیں اور شاید معروف اداکار کے ساتھ بھی یہ معاملہ ہوا تھا جس پر ان کی آںکھ کی سرجری ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل امیتابھ نے اپنی ٹویٹ میں صرف اتنا لکھا تھا کہ طبی مسائل ۔۔۔ سرجری ۔۔ کچھ نہیں لکھ پا رہا ہوں۔ مزید تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں