قومی انڈر 19 كركٹ ٹیم ایشیا كپ میں شركت كے بعد وطن واپس پہنچ گئی

ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر ٹیم كی كاركردگی بہتررہی اوراس سے كھلاڑیوں كے تجربے اور اعتماد میں اضافہ ہوا، کپتان سمیع اسلم


APP January 06, 2014
ایشیا كپ میں بھارت سے لیگ میچ جیتے لیكن فائنل میں قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ہم ہار گئے، کوچ اعظم خان فوٹو: فائل

پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی جہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیم کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سمیع اسلم نے میڈیا سے بات كرتے ہوئے كہا كہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ٹیم كی كاركردگی بہتر رہی، ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے كھلاڑیوں كے تجربے اور اعتماد میں اضافہ ہوا اور ٹیم انڈر 19 ورلڈ كپ میں بھی بہتر كاركردگی كا مظاہرہ كرے گی۔ انہوں نے بتایا كہ ٹیم نے مسلسل 18 میچز جیتے جس سے ٹیم كا مورال بلند ہوا۔

اس موقع پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم كے كوچ اعظم خان نے كہا كہ ایشیا كپ میں بھارت سے لیگ میچ جیتے لیكن فائنل میں قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ہم ہار گئے۔ انہوں نے كہا كہ ٹورنامنٹ میں كھلاڑیوں كی پرفارمنس شاندار رہی اور قومی ٹیم كو صرف ایک میچ میں شكست ہوئی۔

واضح رہے كہ ایشیا كپ میں پاکستان، بنگلادیش، بھارت، سری لنكا، نیپال، یو اے ای، افغانستان اور ملائیشیا كی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ فائنل میں قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔