اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو6 وکٹوں سے شکست دے دی

11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے والے اسلام آباد کے بولر فہیم اشرف مین آف دی میچ رہے

پی ایس ایل

QUETTA:
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد اور کوئٹہ کے مابین گذشتہ روز ملتوی ہونے والا میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوا۔اسلام آباد یوناٸٹیڈ کے دو غیر ملکی کھلاڑی کوروناکےباعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔پی ایس ایل میں آج ہونے والے میچ کا ٹاس اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت کر فیلنڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرنے جیت کے لیے اسلام آباد کو 157 کا ہدف دیا تاہم کوئٹہ کا بالنگ ڈیفینس اسلام آباد کے سامنے ڈھیر ہوگیا اور 17 اوورز میں یونائیٹڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف بہ آسانی حاصل کرلیا۔ 11 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے والے اسلام آباد کے فہیم اشرف مین آف دی میچ رہے جب کہ اسٹرلنگ کی تیز ترین اور جارحانہ بلے بازی نے ہدف کو آسان بنا دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی اننگز

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز مکمل کیے۔اپنی اننگز کے پہلے ہی اوور میں کوئٹہ کی پہلی وکٹ گرگئی۔ پہلے اوور میں حسن علی کی گیند پر کوئٹہ کے صائم ایوب 5 رن بنا کر پال اسٹرلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوکر پویلین لوٹ گئے اور 7 کے اسکور پر کوئٹہ کی پہلی وکٹ گر گئی۔تیسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر فہیم اشرف نے ڈیل پورٹ کو بولڈ کردیا۔ اس طرح 21 رنز پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر ایک اور وکٹ گر گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی بیٹنگ ابتدائی اوور میں مسلسل مشکلات کا شکار رہی اور چوتھے اوور کی تیسری گیند پر ایک اور وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ حسن علی کی گیند پر کوئٹہ کے بلے باز ڈوپلیسی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ چار اوور کے اختتام پر کوئٹہ کا مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز تھا۔

چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ایک اور وکٹ گرگئی۔ کوئٹہ کے اعظم کے خان اس میچ میں بھی پرفارمنس نہ دکھا سکے اور فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی اور 41 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کی 4 وکٹین گر گئیں۔

دسویں اوور میں شاداب کی گیند پر بین کٹنگ وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔ دس اوور کا کھیل مکمل ہونے پر پانچ وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کوئٹہ کا مجموعی اسکور 72 رنز ہوگیا۔

تیرہویں اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے چھکوں کی برسات کردی۔ انہوں نے اسلام آباد کے گلیڈی ایٹر کے بالر افتخار کی گیندوں پر لگا تار 4 چھکے لگائے۔ اس طرح تیرہویں اوور کے اختتام پر کوئٹہ کا مجموعی اسکور 113 پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر سرفراز احمد نے اپنی نصف سینچری بھی مکمل کرلی۔ انہوں نے 31 گیندیں کھیل کر نصف سینچری مکمل کی۔



سرفراز احمد سترہویں اوور میں اسلام آباد کے بالر فہیم اشرف کی گیند پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 17 اوور مکمل ہونے پر 6 وکٹوں کے نقصان پر کوئٹہ کا اسکور 134 رنز رہا۔


اننگز کا بیسواں اوور قدرے طویل رہا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالر محمد موسی نے لگا تار 3 وائڈ بالز کروائیں۔ کوئٹہ کے زاہد محمد اس اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 29 گیندوں پر 31 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 156 کا اسکور بنایا۔

اسلام آباد کے فہیم اشرف کام یاب ترین بالر رہے انہوں نے 11 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی نے 23 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور کپتان شاداب خان نے 25 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 16 فاضل رنز دیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

اسلام آباد کی اننگز کا آغاز پال اسٹرلنگ اور ایلکز ہیلس نے کیا۔ اسٹرلنگ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ کے بالر نواز کی گیندوں پر ایک چھکا اور دو چوکے جڑ دیے۔ پہلے اوور میں اسلام آباد کا اسکور 17 رنز ہوگیا۔

اسلام آباد کے اوپنرز نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور 4 اوورز کے اندر اسکور 50 کی حد سے پار لے گئے۔ اسٹرلنگ نے چوکوں اور چھکوں کی برسات کردی اور صرف 21 گیندوں پر 52 رنز بنا لیے۔ 5 اوور کا کھیل مکمل ہونے پر اسلام آباد نے بغیر کسی نقصان کے 69 رنز کا اسکور کیا۔

چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر اسلام آباد کی پہلی وکٹ گرگئی۔ زاہد محمود کی گیند پر ایلکس ہیلس 23 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔دسویں اوور میں زاہد محمود نے پال اسٹرلنگ کی بڑی وکٹ حاصل کی۔ اسٹرلنگ نے 33 گیندوں پر 56 رنز کی تیز اور جارحانہ اننگز کھیلی۔ دسویں اوور کے اختتام پر اسلام آباد کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز ہوگیا۔

15 ویں اوور میں اسٹین کی گیند پر نسیم شاہ نے روحیل نذیر کا کیچ پکڑا۔ روحیل نے 28 گیندیں کھیل کر 34 اسکور کیا۔ اوور کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ اسلام آباد کا اسکور 130 رنز ہوگیا۔

حسنین نے سترہویں اوور کی پہلی گیند پر اسلام آباد کے کپتان شاداب کی وکٹ لی اور کیچ محمد نواز نے پکڑا۔ شاداب خان نے 17 گیندوں پر 21رنز بنائے۔

میچ کے سترہویں اوور میں اسلام آباد نے ہدف حاصل کرلیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میں کلیدی اننگز پال اسٹرلنگ نے کھیلی اور 33 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ روحیل نذیر نے 28 گیندوں پر 34 اور ایلکس ہیلس نے 13 گیندوں پر 23 کا اسکور کیا۔

کوئٹہ کے بالرز میں زاہد نے 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسنین اور ڈٰیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کوئٹہ کے لیے سب سے مہنگا اسپیل محمد نواز کا رہا جنھوں نے بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 3 اور میں 41 رنز دیے۔

 

ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے اصول کے مطابق کم از کم تین غیر ملکی کھلاڑی کھیل سکتے ہیں۔ ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فرنچائز کودو غیر ملکی کھلاڑی کھلانے کی اجازت دی۔
Load Next Story