گلیڈی ایٹرز کی ایونٹ میں پہلی جیت سلطانز کو 22 رنز سے ہرادیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 6 میں پہلی فتح حاصل کر لی


ویب ڈیسک March 03, 2021
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 6 میں پہلی فتح حاصل کر لی . فوٹو : فائل

پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان کی ٹیم 154 رنز پر آوٹ ہو گئی یوں گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 6 میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 24 رنز پر جیمز ونس قیس احمد کی بال پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد شان مسعود آئے اور صرف ایک رن بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے۔

یکے بعد دو وکٹیں گرنے کےبعد رائیلی روسو نے میدان میں انٹری لی لیکن وہ بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 3 رن پر واپس چلتے بنے۔ شعیب مقصود بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔



جس کے بعد خوش دل شاہ نے محمد رضوان کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن 127 کے مجموعی اسکور پر خوش دل شاہ بھی 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد کارلوس آئے اور وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹِک سکے اور 4 رنز پرمحمد حسنین کا شکار بنے۔

اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 66 رنز بنانے کے بعد زاہد محمود کا شکار بن گئے۔

محمد رضوان کے بعد ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور سہیل خان 8، عمران طاہر 14 اور شاہنواز دھانی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ کی طرف سے قیس احمد نے 3، زاہد محمود اور محمد حسنین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قیس احمد پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔



اس سے قبل میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان خان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، ایوب 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے عثمان خان نے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری اسکور کرکے اپنے عزائم ظاہر کیے۔



عثمان خان نے تجربہ کار بولر عمران طاہر سمیت تمام بولرز کی خوب درگت بنائی ۔ وہ 50 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر فاف ڈپلسی بھی 17 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان سرفراز 3، بین کٹنگ 10، اعظم خان 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔



ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 3، رواں سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عمران طاہر نے 2 ، عمران خان اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |