اقتدار کی خاطر خاموش نہیں بیٹھوں گا عہدے کے لیے مقصد نہیں بدل سکتا وزیراعظم

ملک میں نظام کی تبدیلی کا مشن لے کر آیا ہوں مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، عمران خان


ویب ڈیسک March 04, 2021
میں اگر نظریہ پر سمجھوتا کر لوں حکومت کرنا آسان ہو جائے، وزیراعظم. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں بزدل نہیں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، عہدے کے لیے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی کابینہ ارکان اور نومنتخب سینیٹرز بھی شریک ہوئے، جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اور وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ چئیرمین سینٹ کے انتخاب میں ہمارے امیدوار ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں بزدل نہیں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، عہدے کے لیے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا، بوسیدہ نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، اپوزیشن کی پیسہ کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کا مشن لے کر آیا ہوں موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، میں اگر نظریہ پر سمجھوتا کر لوں حکومت کرنا آسان ہو جائے، اداروں کی مضبوطی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہےگی۔

وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو بیان

دوسری جانب وزیراعظم نے اپنا ایک ویڈیو بیان میں جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اگر کوئی حکومت جانے کی خبریں دے کر بلیک میل کرنے کی کوشش کرے تو میں پھر بھی ان چوروں اور ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑوں گا چاہے میری جان بھی چلی جائے، یہ میرا اپنی قوم سے وعدہ ہے۔

وزیراعظم نے فرط جذبات میں کہا کہ میں نے اللہ سے دعا کی تھی کہ یااللہ مجھے ایک موقع دے، جنہوں نے میرے ملک کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے میں انہیں کسی صورت بھی نہیں چھوڑوں گا، یہ لوگ چاہے جتنا شور مچالیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مجھے جلسوں اور اسمبلیوں میں گالیاں دے رہے ہیں، لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیوں کہ میں وہ شخص ہوں جو ایک لاکھ مخالفین کے سامنے میدان میں اترتا تھا اور وہ سب مجھے برا بھلا کہتے تھے، اپوزیشن کے لوگ تو بہت کم ہیں، میں واضح طور پر بتادوں کہ جس جس نے میرے ملک کو نقصان پہنچایا ان میں سے ایک کو بھی نہیں چھوڑوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |