ایک ہی خاندان کے4افراد کے قتل میں ملوث گینگ وار ملزم کا ریمانڈ

مقدمے میں گرفتار 2 ملزمان پہلے ہی ریمانڈ پر ہیں،سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں گرفتار سابق گورنر کے بیٹے کے ریمانڈ میں توسیع


Staff Reporter January 07, 2014
افغانیوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے ایجنٹوں کے ریمانڈ کے ایام بڑھا دیے گئے، مقدمہ ایف آئی اے کے حوالے کرنیکی ہدایت فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایک ہی خاندان کے4 افراد کے قتل، اقدام قتل اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار گینگ وار کے کارکن عبد الباسط کو 14جنوری تک کیلیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔

جبکہ مقدمے میں گرفتار ملزمان عادل حسین اور یاسین کو پہلے ہی14روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا جاچکا ہے، پیر کو ملزم کو انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات میں پیشی کے لیے لایا گیا، مقدمے کے تفتیشی افسر نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے، اسی مقدمے میں پہلے بھی2 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جاچکا ہے جبکہ مذکورہ ملزم مقدمے میں مفرور تھا، ملزمان نے سیاسی رنجش کی بنا پر مقتول مظفر بیگ کے خاندان کو نشانہ بنایا تھا، ملزمان کیخلاف تھا نہ ماڑی پور میں مضروبہ (م) کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے، علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) عالیہ انور نے سینما کے سیکیورٹی افسر کے قتل میں گرفتار سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کے بیٹے فبیان مگسی اس کے دوست اورنگزیب محمود اور افسر خان کے جسمانی ریمانڈ میں ایک یوم کی توسیع کر دی ہے۔



دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری نے جعلسازی اور دھوکا دہی کے ذریعے افغانی باشندوں کا قومی شناختی کارڈ بنانے والے ایجنٹس رانا اعجاز، قاسم اور افغانی باشندوں طاؤس خان، محمد نسیم،حق داد، تورنگ عرف خیرا للہ اور تاج خان کے جسمانی ریمانڈ میں 8 جنوری تک توسیع کردی ہے، فاضل عدالت نے تفتیشی افسر سب انسپکٹر جہانزیب کو مقدمہ (ایف آئی اے سندھ) کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے، سب انسپکٹر جہانزیب نے عدالت کو بتایا کہ افغانی باشندے کوئٹہ کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں اور یہاں پر نادرا انھیں26 ہزار روپے کے عوض قومی شناختی کارڈ بنا کر دیتاہے، نادرا حکام اس سے قبل بھی جعلی ریکارڈ پر غیر ملکیوں کو درجن بھر سے زائد قومی شناختی کارڈ بناکر دے چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں