وزیراعظم کل اپنے بکے ہوئے ارکان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے مریم نواز

آئین کی شق 91 کی شق 7 کے تحت وزیر اعظم اعتماد کھو چکے اور اب وہ اعتماد کا ووٹ لیں، رہنما مسلم لیگ (ن)

آئین کی شق 91 کی شق 7 کے تحت وزیر اعظم اعتماد کھو چکے اور اب وہ اعتماد کا ووٹ لیں، رہنما مسلم لیگ (ن) ۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے نتائج کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ارکان بک گئے، اورکل وہ انہی بکے ہوئے ارکان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حکومت کو مات دے دی ہے، اب مسلم لیگ (ن) آذاد کشمیر میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، مسلم لیگ کا کلچر تبدیل ہو گیا، ہاتھ باندھ کر سب باتیں نہیں سنیں گے۔


مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جو رائے دی وہ آئین کے تحت دی، آئین میں ترمیم کا نہ ہی الیکشن کمیشن اور نہ ہی سپریم کورٹ کو اختیار ہے، سپریم کورٹ نے وہی پوزیشن تسلیم کی جو الیکشن کمیشن نے لی، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں آئینی پوزیشن لی تھی۔

لیگی رہنما نے کا کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے میں اربوں پتی لوگوں کو ٹکٹس دیے گئے، وہاں حکومتی ارکان جیتیں تو الیکشن بالکل ٹھیک ہے، اسلام آباد میں ایک نشست ہار جائیں تو الیکشن ٹھیک نہیں، اب اداروں کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ اداروں کی تضحیک کرنے والے کون لوگ ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ صدر نے سمری میں لکھا ہے کہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ کھو چکے اسے پبلک کیا جائے، قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 91 کی شق 7 کے تحت بلایا گیا ہے، شق میں درج ہے کہ وزیر اعظم اعتماد کھو چکے اور اب وہ اعتماد کا ووٹ لیں، وزیراعظم نے سینیٹ الیکشن کے نتائج پر کہا کہ لوگ بکے ہیں، اور کل وزیراعظم انہی بکے ہوئے لوگوں سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
Load Next Story