کراچیگینگ وار میں شدت لیاری بم دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھا

رات گئے تک عذیربلوچ اوربابالاڈلہ گروپ کے کارندوں کے ایک دوسرے پرحملے، کاروباربند،مکین محصور،علاقے میں خوف وہراس


Staff Reporter January 07, 2014
بہارکالونی میںگینگ وارکے ملزمان ہمراہ لائے ہوئے مغوی کوسرپرگولی مار فرار،اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے نوجوان مارا گیا فوٹو: فائل

لیاری بہارکالونی میں گینگ وار کے ملزمان نے اپنے ہمراہ لائے ہوئے مغوی شخص کو سر پر گولی مار کر ہلاک کر دیا جبکہ گینگ وار کے ملزمان میں مورچہ بند فائرنگ ، آوان گولوں اور دستی بم حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ، دھماکوں اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے ۔

علاوہ ازیں اورنگی ٹائون کے علاقے اقبال مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان موٹرمیکنک 30 سالہ عمران ولد عبدالرشیدہلاک جبکہ دیگر واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ بہار کالونی ٹینری روڈ کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار لیاری گینگ وار کے ملزمان اپنے ہمراہ ایک مغوی شخص کولائے جس کی آنکھوں پر پٹی اور ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے بعدازاں ملزمان ن مغوی شخص کو سر پر گولی مار کرہلاک کر دیا اور لاش وہیں چھوڑ کرگلیوں میں فرار ہوگئے، اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی عمر 32 سال کے قریب ہے جبکہ اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے، لیاری کے علاقے کلاکوٹ ریکسرلائن گبول روڈ پرعذیر جان بلوچ گروپ کے کارندے ملا نثارکے اڈے 89 پر بابا لاڈلہ گروپ سے تعلق رکھنے والے ندیم جاپان والا اورلالہ اورنگی والا گروپ نے جدید اور خود کار ہتھیاروں سے لیس ہو کراندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے دستی بم بھی پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دستی بم حملے میں ملا نثار گروپ کے 3 کارندوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔



تاہم وہ کسی بھی سرکاری اسپتال نہیں پہنچے، ملا نثار کے اڈے پر حملے کے بعد لیاری گینگ وار کے دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا کارندے آزادانہ علاقے میں نقل و حرکت کرتے دکھائی دیے اور انھیں پکڑنے والا کوئی نہیں تھا اس دوران دونوں نے ایک دوسرے پر دستی بم اور آوان گولے داغے جن کے دھماکوں سے لیاری کے مختلف علاقے گونج اٹھے اور علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دکانیں و کاروبار بند اور ٹریفک معطل ہوگیا ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق رات گئے تک لیاری گینگ وار کے ملزمان کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ بدستورجاری تھا تاہم پولیس زخمیوں کے بارے میں لاعلمی کا اظہارکررہی ہے۔

دریں اثنا تھانہ اقبال مارکیٹ کے ایس ایچ اوتصدق وارث نے بتایا کہ عمران اورنگی ٹائون ساڑھے گیارہ میں ہاشمی کالونی میں ہلاک ہوا ، وہ پیشے کے اعتبار سے موٹرمکینک اور مدینہ کالونی کا رہائشی تھا ، فوری طور پر قتل کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا تاہم واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، علاوہ ازیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیو کراچی گودھرا کالونی میں 35 سالہ خورشید ولد عبدالرشید جبکہ اورنگی ٹائون پاکستان بازار میں 25 سالہ نعمان ولد نسیم احمد زخمی ہوگیا۔گزری کے علاقے ڈیفنس فیز 2 اسٹریٹ نمبر 9 میں فائرنگ سے 27 سالہ مصطفیٰ حبیب سمیت 2 افراداور گلستان جوہر میں ھی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے قریب ہی واقعی نجی اسپتال لیجایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔