پے در پے شکست کا سامنا ہو تو دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے مریم نواز

شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، مرتضی جاوید عباسی اور خصوصاً مریم اورنگزیب پر فخر ہے، مریم نواز


ویب ڈیسک March 06, 2021
شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، مرتضی جاوید عباسی اور خصوصاً مریم اورنگزیب پر فخر ہے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پے در پے ذلت آمیز شکست کا سامنا ہو اور اقتدار بھی ہاتھ سے جاتا دکھائی دے تو یوں دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے۔

سندھ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مرتضیٰ جاوید عباسی، شاہد خاقان، احسن اقبال، مصدق ملک اور بالخصوص مریم اورنگزیب کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ سب ٹی وی پر دیکھا لیکن میں حیران نہیں ہوئی، خوشی ہےحکومت کی غنڈہ عوام کو نظر آگئی ہے، اقتدار ہاتھ سے جاتا دکھائی دے تو یوں دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے، مجھے فخر ہے کہ شیروں نے ووٹ چوروں کا مقابلہ کیا،اور بتایا کہ شیر شیر ہوتا ہے اور گیدڑ ہوتا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر لیگی رہنما احسن اقبال کو جوتا پڑ گیا

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت نے چند درجن کرائے کے غنڈوں بھیجے جنہوں نے مریم اورنگزیب پر حملہ کیا، آج ہر پاکستانی بیٹی اور ماں کا سر شرم سے جھک گیا اور 22 کروڑ عوام شیم شیم کہہ رہے ہیں، احسن اقبال پر جوتا پھینک کر بدترین بدتمیزی کا مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی اپوزیشن میں تھی تو غنڈہ گردی کرتی تھی، آج حکومت میں ہے تو وہی کچھ کیا، ان کی گردنوں کے اوپر سر بھی خالی ہیں، آپ سیکیورٹی حصار کے بغیر نکلیں عوام جوتا لیے کھڑے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی (ن) لیگی رہنماؤں کو دھکے اور ہاتھا پائی

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم بتادیں کہ مسلم لیگ (ن) لاوارث جماعت نہیں، غنڈہ گردی کا مقابلہ اخلاقیات سے نہیں کیا جاتا، گیدڑ کی جب موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے، آج آپ سیکیورٹی حصار میں ہوتے ہیں، یہ سیکیورٹی بھی جلد ختم ہوجائے گی، آپ کے دن گنے جاچکے ہیں، آج کی اس غنڈہ گردی کو ہم نہیں بھولیں گے، یہ دھند چھٹے گی تو تمہاری داستانیں سامنے آئیں گی، پی ڈی ایم ان کی لاش اچھی طرح سے دفن کرےگی ۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نے جھوٹے اعتماد کا ووٹ لیا، کہا گیا مجھے ووٹ دو ورنہ تمہیں نہیں چھوڑوں گا، رات بھر چودھری سرور پی ٹی آئی اراکین کے دروازے کھٹکھٹا کر چیک کرتے رہے، اور آج پھر بکاؤ اراکین سے ووٹ لے لئے، عمران خان پاکستانی ٹرمپ ہیں، پاکستانی ٹرمپ نے آج جاتے جاتے خود بچانے کی کوشش کی، آج انہیں اقتدار ہاتھ سے جاتے دکھائی دیا، یوسف رضا گیلانی ایک سیٹ کیا جیت گئے ان کا دماغی توازن خراب ہوگیا۔

رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن سے پہلے سند یافتہ ووٹ چور ہیں، انہیں عوامی عدالت میں شکست ہوئی، اب عوام کا فیصلہ مانیں، عوام کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو چکا ہے، آنے والے چند دنوں میں وہ سب چیزیں سامنے آجائیں گی، کل کیا ہوا کہاں سے دباؤ آیا اور کس طرح خفیہ ادارے ایکٹو ہوئے وہ سب سامنے آئے گا، حکومت کی سیاسی موت واقع ہو چکی ہے، آنے والے دنوں میں ان کا جانا ٹھر گیا، صبح جائیں یا شام جائیں، آپ کو جو چند دن کی مہلت ملی ہے اچھے سے پیکنگ کرنا کوئی چیز چھوڑ کر نہ جانا۔

مریم نواز کا ٹویٹ

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب ہر جانب سے پے در پے ذلت آمیز شکست کا سامنا ہو اور اقتدار بھی ہاتھ سے جاتا دکھائی دے تو یوں دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے۔



پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان کی ہنگامہ آرائی اور لیگی رہنماؤں کو دھکے و بدتمیزی پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، مرتضی جاوید عباسی اور خصوصاً مریم اورنگزیب پر فخر ہے جنھوں نے شیروں کی طرح ووٹ چوروں اور غنڈوں کا مقابلہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں