فرنچائز مالکان شکایات کی پٹاری کھولنے کیلیے تیار

آج مانی کے ساتھ میٹنگ،بدانتظامیوں سے آگاہ کیا جائے گا، ایونٹ نامکمل رہنے پرفیس کی واپسی کا مطالبہ ہوگا۔


Saleem Khaliq March 08, 2021
اونرز وسیم خان سے نالاں،عدم مشاورت پر ناخوش،مالی نقصان کا خدشہ،غیرملکی کرکٹرز کو 70 فیصدادائیگی ہوچکی۔ فوٹو:فائل

فرنچائز مالکان پیرکو چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے سامنے شکایات کی پٹاری کھولیں گے،انھیں پی ایس ایل6کے دوران بدانتظامی سے آگاہ کیا جائے گا۔

پی ایس ایل 6کو کورونا کیسز کی وجہ سے 14میچز کے بعد روک دیا گیا تھا،اس صورتحال سے فرنچائززسخت مایوسی کا شکار ہیں، مالکان نے میڈیا پر بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

آج چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ویڈیو لنک پر میٹنگ رکھی ہے، جس میں ٹیم اونرزشکایات کے انبار لگانے کیلیے تیاربیٹھے ہیں، ذرائع کے مطابق وہ چیئرمین کو ایونٹ کے دوران بدانتظامی، بائیو ببل کی خامیوں و دیگر امور سے آگاہ کریں گے۔

سی ای او وسیم خان کے رویے سے بھی فرنچائزز سخت نالاں ہیں، وہ ایونٹ کے التوا کا اعلان کرنے سے قبل میٹنگ میں بیک فٹ پر تھے، تقریباً سب نے ان کیخلاف دل کی بھڑاس نکالی مگر وہ خاموشی سے سنتے رہے تھے۔

بہت سے اونرز کا خیال تھا کہ وسیم خان نے پریس کانفرنس استعفے کا اعلان کرنے کیلیے طلب کی ہے مگر وہ وہاں ایونٹ کے التوا کی ذمہ داری کا بوجھ اپنے کندھوں سے اتارنے کی کوشش کرتے رہے،بعض مواقع پر یہ بھی محسوس ہوا کہ بائیو سیکیورببل کی ناکامی کا ملبہ فرنچائزز پر گرایا جا رہا ہے، اونرز اس حوالے سے بھی احسان مانی سے بات کریں گے، ایونٹ نامکمل رہنے کی صورت میں فیس کی واپسی کا بھی مطالبہ ہوگا۔

دوسری جانب پی سی بی نے کورونا ایس اوپیز اور خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے 2رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل کے قیام سے قبل فرنچائزز کو اعتماد میں لینا ضروری نہیں سمجھا، ٹیم مالکان اس سے بھی مایوس ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی موقع پر مشاورت کے قابل نہیں سمجھا جاتا،انھیں مالی نقصان کا خدشہ بھی ستا رہا ہے، پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی ہونے تک 4 ٹیموں نے 5جبکہ دیگر 2 نے چار میچز کھیلے ہیں، طریقہ کار کے مطابق غیرملکی کرکٹرز کو ایونٹ سے قبل 20 اور پاکستان آنے پر 50 فیصد معاوضے کی ادائیگی ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 70 فیصد معاوضے ادا کیے جا چکے ہیں، اب اگر کوئی فارن کرکٹر مصروفیت کی وجہ سے دوبارہ پاکستان نہ آ سکا توکیا ہوگا،کیااس سے باقی رقم واپس مانگی جائے گی؟اس حوالے سے بورڈ نے کچھ نہیں بتایا ہے۔

دریں اثنا رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہاکہ گذشتہ برس کی طرح اب بھی ایونٹ رکنے پر غیرملکی کرکٹرز نے جتنے میچز کھیلے انھیں اتنی ہی رقم ملے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔