غداری کیس پرویز مشرف کو مزید 2 روزحاضری سے استثنی مل گیا

خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس ایک بند لفافے میں عدالت کے روبرو پیش کیں۔


ویب ڈیسک January 07, 2014
مشرف کے وکیل منصور انور نے گزشتہ روز عدالت میں ہونے والی تلخ کلامی پر معافی بھی مانگی۔ فوٹو: فائل

سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس کا ابتدائی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے انہیں پیشی کے لئے مزید2 روز کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو نے پرویز مشرف کی بند لفافے میں سر بمہر میڈیکل رپورٹس عدالت کے روبرو پیش کیں، اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے چیف جسٹس فیصل عرب نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس کا جائرہ لینے کے بعد یہ رپورٹس جسٹس یاور اور جسٹس طاہرہ صفدر کو پیش کیں جس پر پرویز مشرف اور ریاست کے وکلاء کا مطالبہ تھا کہ انہیں بھی اے ایف آئی سی کی پیش کردہ میڈیکل رپورٹ دکھائی جائے، خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو حکم دیا کہ میڈیکل رپورٹس کی کاپیاں دونوں فریقین کے کو مہیا کی جائیں۔

سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل منصور انور نے گزشتہ روز عدالت میں ہونے والی تلخ کلامی پر معافی بھی مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عدالت ٹرائل کے دوران ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری نہیں کر سکتی۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں موبائل فون بجنے پر جسٹس فیصل عرب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو تو بتایا گیا تھا کہ کمرہ عدالت میں فون جیمرز لگے ہوئے ہیں جس پر جسٹس فیصل عرب نے سیکیورٹی حکام کو طلب کر کے واقعے کی وضاحت طلب کر لی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے نے گزشتہ 6 روز سے اے ایف آئی سی میں زیر علاج سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا کو ان کی میڈیکل رپورٹس آج ہر حال میں عدالت میں جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔