وزیر اعظم نواز شریف اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

ملاقات میں امریکی اور اس کی اتحادی فوجوں کے افغانستان سے انخلا کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔


ویب ڈیسک January 07, 2014
وزیر اعظم نواز شریف اور سعود الفیصل کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور توانائی کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ رواں سال امریکی اور اس کی اتحادی فوجوں کے افغانستان سے انخلا کے معاملے پر بھی بات چیت کی جبکہ افغان امن عمل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف اور سعود الفیصل کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور توانائی کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے، اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور ہم توانائی کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔


سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔


واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل 2 روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچے تھے جہاں ان کا سرتاج عزیز نے پرتپاک استقبال کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔