کراچی گلشن حدید سے خاتون اورکم عمرلڑکے کی تشدد زدہ برہنہ لاشیں برآمد

خاتون کی لاش آدھی جھلسی ہوئی ہے اور کم عمر لڑکے کا چہرا کچلا ہوا ہے، پولیس حکام

شبہ ہے کہ مقتولین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس ۔ فوٹو:فائل

گلشن حدید لنک روڈ سے قریب خاتون اورایک کم عمرلڑکے کی تشدد زدہ کئی روزپرانی لاشیں ملی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ ملیر ڈویلمنٹ اتھارٹی ہاؤسنگ سوسائٹی سے تقریبا 2 کلو میٹر کے فاصلے پر جنگل کے قریب سے خاتون اورایک کم عمر لڑکے کی تشدد زدہ کئی روز پرانی برہنہ لاشیں ملی ہیں۔


ایس ایچ اواسٹیل ٹاؤن ممتازمروت نے بتایا کہ قتل کی جانے والی خاتون اور کم عمر لڑکے کی لاشیں 5 سے 6 روز پرانی معلوم ہوتی ہے، خاتون کی عمر تقریبا 25 سے 30 کے درمیان ہے، اورخاتون کی لاش سر سے سینے تک جھلسی ہوئی ہے، جب کہ لڑکے کی عمر 10 سال کے قریب ہے، اور ملزمان نے لڑکا کا چہرہ شناخت چھپانے کے لیے کچلا ہوا ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ حالات و واقعات دیکھنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ مقتولین کو کسی اور مقام پر قتل کیا گیا اور لاشیں مذکورہ مقام پر پھینکی گئیں اور اس کے بعد ملزمان نے خاتون کو جلایا اور لڑکے کا چہرہ کچلا، مقتولین کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوسکی جس کی مدد سے ان کی شناخت ممکن ہوسکے، تاہم شبہ ہے کہ مقتولین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس نے جائے وقوع سے اکٹھا کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، اور لاش کو تحویل میں لینے کے بعد ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 
Load Next Story