وزیراعظم کی خوردنی تیل اورپیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں کمی کی ہدایت

بالواسطہ ٹیکسوں کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے لہذا اس میں کمی کے لئے حل تجویز کیے جائیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک March 08, 2021
ٹیکسوں کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے لہذا اس میں کمی کے لئے حل تجویز کیے جائیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو خوردنی تیل اورپیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں کمی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ملک میں گندم کی پیداوار، کھپت اور ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے حکمت عملی سمیت گندم، آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے، چینی کی پیداوار اور قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کو صوبوں میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے خصوصاً ماہ رمضان میں عوام کو رمضان بازاروں و دیگر انتظامات کے ذریعے سستے آٹے کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی گئی جب کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق خوردنی تیل، پٹرولیم مصنوعات و گیس کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹے، چینی جیسی بنیادی اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ کے ضمن میں مستحق اور غریب افراد کو براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی براہ راست مستحق افراد کو میسر آئے گی بلکہ سبسڈی کے نظام کو شفاف اور موثر بنایا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آٹے جیسی بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو جب کہ گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ خوردنی تیل، پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء پر عائد ہر ٹیکس کا جائزہ لیا جائے تاکہ جہاں تک ممکن ہو ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، بالواسطہ ٹیکسوں کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے لہذا اس بوجھ میں کمی لانے کے لئے آؤٹ آف باکس حل تجویز کیے جائیں تاکہ جہاں ریاستی آمدن متاثر نہ ہو وہاں غریب عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ سے بچایا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |