افریقن سفاری کیلیے ترکش میں تیر سجائے جانے لگے

ڈبل ٹورکیلیے بھاری بھرکم پاکستانی دستے کی رونمائی آج متوقع،حفیظ، عماد وسیم اور شاداب کی واپسی کا امکان روشن۔

حسین طلعت، آصف علی اورافتخار کے ساتھ 1،2 ڈومیسٹک پرفارمرز پر بھی غور،سلیکشن کمیٹی کی ورچوئل میٹنگ۔ فوٹو : فائل

افریقن سفاری کیلیے ترکش میں تیر سجائے جانے لگے جب کہ ڈبل ٹور کیلیے بھاری بھرکم پاکستانی دستے کی رونمائی بدھ کو متوقع ہے۔

قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کی ورچوئل میٹنگ گذشتہ روز چیف سلیکٹر محمد وسیم کی زیرسربراہی ہوئی، دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے30 رکنی اسکواڈ کا اعلان بدھ کو متوقع ہے۔

قرنطینہ کیلیے بروقت رپورٹ نہ کرنے پر ڈیڈلاک کی وجہ سے پروٹیز کیخلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز نہ کھیل پانے والے محمد حفیظ کی واپسی سے بیٹنگ میں توازن آئے گا، تجربہ کار بیٹسمین کی موجودگی میں بابر اعظم اور حیدر علی کا حوصلہ بھی جوان ہوگا۔

حسین طلعت، آصف علی اورافتخار احمد کے ساتھ 1،2ڈومیسٹک پرفارمرز کے ناموں پر بھی غورکیا گیا ہے، فیملی وجوہات کی بنا پر ٹیم سے باہر رہنے والے عماد وسیم کاکم بیک ہوگا، دورئہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے شاداب خان انجری سے نجات پاکر پی ایس ایل میں شریک ہوئے۔

آل راؤنڈر کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، لیگ میں کراچی کنگز کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرجیل خان کا نام بھی زیر غور آیا مگر فٹنس آڑے آسکتی ہے،اوپننگ کیلیے موزوں محمد رضوان کے ساتھ سرفراز احمد کو بطور ریزرو وکٹ کیپر بیٹسمین ساتھ رکھا جائے گا۔

روحیل نذیر اور اعظم خان دوڑ سے باہر نظر آ رہے ہیں، پیس بیٹری میں شاہین شاہ آفریدی،حسن علی اور حارث رؤف کے ساتھ شاہنواز دھانی اور ارشد اقبال بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔


آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی پیسرزکا ہاتھ بٹانے کیلیے موجود ہوں گے،محمد نواز، عثمان قادر اور زاہد محمود میں سے 2اسپنرز کا انتخاب ہوگا، خوشدل شاہ، دانش عزیز اور ظفر گوہر کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے، عامر یامین اور عماد بٹ کی بھی جگہ بنتی نہیں نظر آ رہی۔

جنوبی افریقہ میں وائٹ بال میچز ہوں گے،زمبابوے میں ٹیسٹ سیریز بھی شیڈول ہونے کے پیش نظر کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے سلیکٹرز کیلیے سب بڑا درد سر اوپنرز کا انتخاب ہوگا،پروٹیز کیخلاف دونوں ہوم میچز میں عابد علی اور عمران بٹ یکسر ناکام رہے۔

انجری کی وجہ سے عدم دستیاب امام الحق اورنیوزی لینڈ میں آؤٹ آف فارم ہونے پر ڈراپ ہونے والے شان مسعود واپسی کے منتظر ہیں،عبداللہ شفیق کو باہر بٹھایا جاسکتا ہے،مڈل آرڈر میں اظہر علی،کپتان بابر اعظم، فواد عالم، محمد رضوان موجود ہوں گے،سعود شکیل، کامران غلام اور سلمان علی آغا میں سے 1یا2 کو ہی جنوبی افریقہ جانے کا موقع فراہم کیا جا سکتا ہے۔

وائٹ بال کرکٹ کیلیے پیس بیٹری میں شامل بیشتر بولرز ٹیسٹ میچز کیلیے بھی دستیاب ہوں گے، نسیم شاہ کی شمولیت کا امکان روشن ہے، پیسر فٹنس مسائل سے نجات پانے کے بعد اب واپسی کیلیے تیار ہیں، محمد عباس کا کم بیک کیلیے ہوم ورک کورونا کی وجہ سے ہائی پرفارمنس کیمپ ختم ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکا۔

ان کی جنوبی افریقہ میں کارکردگی بھی اچھی نہیں،انھیں صرف تجربے کی بنیاد پر منتخب کیا جا سکتا ہے، اسپنرز یاسر شاہ اور نعمان علی کو بھی برقرار رکھا جائے گا،ڈیبیو کے منتظر تابش خان کی اسکواڈ میں جگہ خطرے میں ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی دستے کی بذریعہ چارٹرڈ طیارہ جنوبی افریقہ روانگی 27مارچ کو ہوگی،پروٹیز کیخلاف 3 ون ڈے میچز 2،4 اور 7 اپریل کو شیڈول ہیں، 4 ٹی ٹوئنٹی 10، 12، 14 اور 16تاریخ کو کھیلے جائینگے، زمبابوے میں 2ٹیسٹ اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز ہونے ہیں۔
Load Next Story