
اسپتال ترجمانوں کے مطابق جن افراد نے 1166 پر رجسٹریشن کروائی تھی ان کی مفت ویکسینیشن کی جارہی ہے۔ اسپتالوں میں اس کے لئے ٹوکن سسٹم کا اجراء کیا گیا ہے۔ شہریوں کو سائنو فارم ویکسین لگائی جارہی ہے اور تاحال ویکسینیشن کروانے والوں میں کوئی ری ایکشن کا مسئلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ سینئر ڈاکٹر اور پروفیسرز کی نگرانی میں کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے۔
محکمہ صحت سے روزانہ ویکسین کی ڈوزز فراہم کی جائینگی۔ بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد ویکسین کےلئے صبح سویرے ہی پہنچ گئی۔ اسپتالوں میں کورونا سنٹر صبح آٹھ بجے سے کھلا ہوا ہے اور کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
عمر رسیدہ افراد کو ویکسین عمر کے اعتبار سے 'ریورس آرڈر' میں لگائی جارہی ہے، یعنی زیادہ عمر رسیدہ شخص جس نے اندراج کیا ہے اسے ویکسین پہلے لگائی جائے گی۔
حکومت نے ملک میں مرحلہ وار کورونا ویکسینیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ویکسینیشن ہوئی تھی اور اب دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا ہے جس کے بعد بتدریج تمام شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت خیبر پختون خوا کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سے 12 ہزار ڈوزز ویکسین فراہم کی گئی ہے۔ صوبے میں 28 ہزار کے لگ بھگ فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا کی ویکسینیشن مکمل کی جاچکی ہے اور کمیونٹی ویکسین پروگرام کے تحت یکم جولائی سے تمام شہریوں کو کورونا ویکسینیشن کا آغاز کیا جائے گا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔