اسرائیلی وزیراعظم امارات کے پہلے دورے پرآج ابوظہبی پہنچیں گے

دورے میں معاہدے پر عمل درآمد کی رفتار اور اسرائیل میں اماراتی سفارت خانہ کھولنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا


ویب ڈیسک March 11, 2021
اسرائیلی وزیراعظم نے کورونا وبا کے باعث پچھلے ماہ دورہ ملتوی کردیا تھا، فوٹو: فائل

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو ایک ماہ کی تاخیر کے بعد آج متحدہ عرب امارات کے پہلے باضابطہ دورے پر پہنچیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دورے پر ابوظبی پہنچ رہے ہیں۔ اسرائیل کے وزیراعظم کو گزشتہ ماہ ابوظہبی آنا تھا تاہم کورونا وبا کے باعث دورہ ملتوی کردیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امارات کے دورے پر معاہدہ ابراہیم پر عمل درآمد سے متعلق اماراتی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے جب کہ اسرائیل میں اماراتی سفارت خانے کے قیام کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ،سفارتی تعلقات قائم کرنے کا عہد

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوری طور پر اس دورے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم عالمی خبر رساں ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : متحدہ عرب امارات کے پہلے ایلچی اسرائیل پہنچ گئے

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ اگست 2020 میں ہوا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفری تعلقات بحال ہوگئے تھے جب کہ سفارت خانہ بھی کھولنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : متحدہ عرب امارات کا اسرائیل میں سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ

گزشتہ برس بھی افواہ بھی زیر گردش رہی تھی کہ اسرائیلی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کرچکے ہیں جس کی تصدیق فضائی راستوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نے بھی کی تھی تاہم دونوں ممالک نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں