آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا میدان ساؤتھمپٹن میں سجے گا

کونسل نے انگلینڈکی مشاورت سے مقابلہ لندن سے منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔


Sports Reporter March 11, 2021
ایسوسی ایشنزفرسٹ بورڈزکے سربراہوں کی پی سی بی آفیشلزسے ملاقات شیڈول فوٹو : فائل

اولین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا میدان ساؤتھمپٹن میں سجے گا جب کہ آئی سی سی نے انگلش بورڈ کی مشاورت سے مقابلہ لندن سے منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش بورڈ سے مشاورت کے بعد اولین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل لندن سے ساؤتھمپٹن منتقل کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا،نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں اب لارڈز کے بجائے ہیمپشائر باؤل میں مقابل ہونگی، 18سے 22جون تک شیڈول فیصلہ کن معرکے کیلیے بائیو سیکیور ببل بنایا جائے گا۔

آئی سی سی بورڈ کے مطابق گذشتہ سیزن کے دوران ہیمپشائر باؤل ایک محفوظ ترین وینیو کے طور پر سامنے آیا، یہاں کھلاڑیوں کی رہائش کیلیے ملحقہ ہوٹل ہونے کی وجہ سے بائیو سیکیورٹی کے انتظامات دیگر اسٹیڈیمز کی بانسبت آسان ہیں، ان کی بدولت کورونا وائرس کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی، ٹریننگ اور میچ کیلیے ورلڈکلاس سہولیات بھی میسر ہیں۔

پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا کہ برطانوی حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری رہا تو تماشائیوں کی محدود تعداد کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اسٹیڈیم میں آکر دیکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، دلچسپی رکھنے والے شائقین کیلیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا، حتمی فیصلہ صورتحال دیکھ کر ہوگا۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر جیف ایلرڈائس کا کہنا ہے کہ دنیا کی 2 بہترین ٹیسٹ ٹیموں کا مقابلہ کرواتے ہوئے پہلی ترجیح کھلاڑیوں، معاون اسٹاف ارکان اور آفیشلز کی صحت و سلامتی ہے، اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ساؤتھمپٹن کاانتخاب کیا گیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہاکہ ہم کورونا وبا کے باوجود یہاں مقابلوں کا کامیاب انعقاد کرچکے، فائنل بھی ایک یادگار موقع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں