نیو کراچی میں دھماکے سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا، مٹھائی کی دکان بھی متاثر، بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب


Staff Reporter/ March 11, 2021
دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا، مٹھائی کی دکان بھی متاثر، بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب (فوٹو : فائل)

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں دھماکے سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا بشیر چوک کے قریب نالے میں دھماکا ہوا جس کے سبب دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ پورا علاقہ گونج اٹھا اور علاقہ مکین خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

اس حوالے سے نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس کا کہنا ہے کہ نیو کراچی خمیسو گوٹھ بشیر چوک رضوان بیکری کے قریب ہونے والا دھماکا نالے میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ بیکری سمیت قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

گیس دھماکے سے نالے کی چھت کا ملبہ اڑ کر وہاں پر موجود افراد کو لگا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنھیں ایدھی اور چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا تاہم 2 افراد راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، دھماکے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو اپنے گھیرے میں لیا۔

ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ دھماکے کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، اس حوالے سے بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جو جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ جاری کرے گا جس کے بعد دھماکے کی نوعیت کا بھی تعین ہوجائے گا تاہم ابتدائی تحقیقات میں دھماکا سیوریج نالے میں گیس بھر جانے کا ہی بتایا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے سے متاثر ہونے والی دکانیں نالے پر تعیمر ہیں جبکہ نالے پر مکانات بھی بنے ہوئے ہیں، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت 28 سالہ سفیان کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ زخمی ہونے والے 4 افراد 28 سالہ ناصر، 25 سالہ امام علی، 26 سالہ یعقوب اور 24 سالہ علی کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

نالے میں گیس دھماکے سے متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ایک موٹر سائیکل نالے میں جا گری، دھماکے میں ایک دنبہ بھی مرگیا جبکہ رات گئے تک پولیس اور رینجرز کی نفری نے مذکورہ مقام کو گھیرے میں لیا ہوا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں