پیپلز پارٹی نے حوصلہ نہیں ہارا حکومت کی جیت عارضی ہے بلاول

سات ووٹ قانون کے مطابق کاسٹ ہوئے، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے مطابق ووٹ کا فیصلہ ووٹر کی نیت پر ہوگا، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ رولز کے مطابق یہ ساتوں ووٹ ٹھیک طریقے سے ڈالے گئے (فوٹو : اسکرین گریب)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پریذائیڈنگ آفیسر حکومت کے اتحادی ہیں جو جانب دار رہے، حکومت کی جیت عارضی ہے، پیپلز پارٹی نے حالات سے ڈر کر حوصلہ نہیں ہارا، پارلیمان سمیت ہر فورم پر کٹھ پتلی اور سلیکٹرز کو چیلنج کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

بلاول ہاؤس میں یوسف رضا گیلانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو ایک ماہ میں شکست دی، دنیا کے سامنے عیاں کرنا چاہتا ہوں کہ کس طرح سے ایوان بالا کو زیر کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے پریذائیڈنگ آفیسر کو جانب دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن عوام کے سامنے چوری کیا گیا، پی ڈی ایم چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف ہائی کورٹ میں جائے گی، 7 ووٹ قانون کے مطابق کاسٹ ہوئے لیکن ناجائز طریقے سے انہیں مسترد کردیا گیا۔

یہ پڑھیں : اپوزیشن کا چیئرمین سینیٹ کی کامیابی ٹریبونل میں چیلنج کرنے کا فیصلہ


انہوں نے کہا کہ اس ظلم کے خلاف پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ فیصلہ کرے گی، میرا مریم نواز سے رابطہ ہوا، صدر زرداری اور مولانا فضل الرحمن سے رابطہ ہوا ہے، ہم اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے اور اس ناانصافی کو دور کرنے کے لیے ہر جمہوری فورم پر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کے سات ووٹ مسترد کیے گئے، الیکشن کمیشن کی طرف سے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کا کیا طریقہ بتایا گیا تھا ؟

بلاول نے اس دوران الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا کہ فیصلہ ووٹر کی نیت پر ہوگا، 7 ووٹ قانون کے مطابق کاسٹ ہوئے، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن عوام کے سامنے چوری کیا گیا، ہمیں امید ہے کہ ہمیں ہائی کورٹ سے انصاف ملے گا اور فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، پریذائیڈنگ آفیسر نے ایک جانب دارانہ فیصلہ کیا ویسے بھی مظفر شاہ کی پارٹی حکومتی اتحاد کا حصہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ رولز کے مطابق یہ ساتوں ووٹ ٹھیک طریقے سے ڈالے گئے، عدم اعتماد کے حوالے سے ابھی ہماری مشاورت چل رہی ہے مگر میرا خیال ہے کہ ہمیں عدالت میں جانا چاہیے، ہم چاہتے ہیں ہر ادارہ نیوٹرل رہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ مجھے یقین تھا کہ مجھے کامیابی ملے گی اور 50 ووٹ ملیں گے، چیئرمین سینیٹ الیکشن کے نتائج سے اراکین بالا کا مورال کم ہوا جس کی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہارے۔
Load Next Story