نیہا دھوپیا کی سنجے دت اور عمران ہاشمی کے ساتھ ’’انگلی‘‘ 23 مئی کو ریلیز ہوگی

سنجے دت،عمران ہاشمی اور رندیپ ہودا مرکزی کردار،شردکھا کپور آئٹم نمبر پر پرفارم کررہی ہیں

متعدد فلموں کی پیش کش ہے،اپنی مرضی سے اسکرپٹ منتخب کرتی ہوں،نیہا دھوپیا۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ نیہا دھوپیا کی فلم ''انگلی'' 23 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ان کی نئی فلم ''انگلی'' رواں برس کے دوران ہی 23 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔ دھرما پروڈکشن کے تحت اور ریسنل ڈی سلوا (Rensil D'Silva) کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم میں نیہا دھوپیا سنجے دت، عمران ہاشمی، رندیپ ہودا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں قادر خان، انگاد بیدی، ارن اودے سنگھ شامل ہیں جب کہ شردکھا کپور آئٹم نمبر پر پرفارم کر رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ''انگلی'' ایک سماجی فلم ہے جس میں ہر کسی نے بہت محنت سے اپنے کرداروں پر کام کیا ہے جب کہ فلمساز کی بھی کوشش ہے کہ وہ کوئی ایسی چیز نہ رہنے دیں جس کی وجہ سے یہ ناکامی سے دوچار ہو جائے۔ نیہا دھوپیاکا کہنا ہے کہ ریسنل ڈی سیلوا (Rensil D'Silva) کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم میں عمران ہاشمی سنجے دت کے ساتھ ''حنا'' نامی لڑکی کاکردار ادا کیااوراپنے ہر سین پر بھر پور پرفارمنس دکھانے کی کوشش کی ہے۔ موسیقار سلیم سلمان نے فلم کے میوزک پر بہت توجہ اور محنت سے کام کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اپنی مرضی سے فلموں کا اسکرپٹ منتخب کرتی ہوں۔ اس وقت کئی فلموں کی آفرز موجود ہیں ان میں اپنی مرضی کا کردار بھی منتخب کرنے کی کوشش کررہی ہوں۔ میری کوشش ہے کہ ایسی کہانیوں اور کردار کا انتخاب کروں جو میری پرفارمنس کو یادگار بنا دے۔ نیہا کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی کے کچھ اصول وضع رکھے ہیں اور انھی کے تحت اپنی زندگی گزار رہی ہوں۔ اپنے کام کو مقررہ مدت میں پورا کرتی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں نیہا دھوپیا نے کہا کہ فلموں میں کام کرنے کا میرا مقصد صرف لوگوں میں خوشیاں بانٹنا اور تفریح مہیا کرنا ہے اور اب تک میں اپنے اس مقصد میں کامیاب رہی ہوں اور اپنی آنے والی فلموں میں بھی شائقین کو اپنی اداکاری سے عمدہ تفریح فراہم کرنے کی کوشش کروں گی۔ 33سالہ اداکارہ کا پنجابی فلموں میں کام کرنے کے سوال کے جواب میں کہنا ہے کہ میں بنیادی طور پر پنجابی ہوں اس لیے پنجابی فلموں میں کام کرنا پسند کرتی ہوں۔




گزشتہ برس مئی میں میری ایک پنجابی فلم ''رنگیلے'' سینما گھروں کی زینت بنائی جاچکی ہے اس فلم میں میرے ساتھ جمی شیرگل نے ہیرو کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر تو زیادہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی مگر شائقین کی جانب سے ''سمی'' کے کردار پر میری اداکاری کو سراہا گیا۔ مستقبل میں بھی مجھے پنجابی فلموں میں اہم کرداروں پر کام کرنے کا موقع ملا تو انکار نہیں کروں گی مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ فلم کی کہانی بہترین ہو اور فلم میں میرا کردار ایسا ہوجس پر مجھے اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع مل سکے۔ ایک سوال کے جواب میں نیہا نے کہا کہ میں نے خود کو کبھی بڑی اداکارہ نہیں سمجھا بلکہ میں تو ابھی سیکھ رہی ہوں۔ بالی ووڈ میں کبھی بھی نمبر ون کی دوڑ میں نہیں پڑی اور نہ ہی میرا کسی اداکارہ کے ساتھ کوئی مقابلہ ہے کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ ہر اداکارہ اپنے طور پر بہتر طور پر پرفارم کرتی ہے۔ یہ صرف اداکار کی قسمت ہوتی ہے کہ بعض اوقات اس کی اوپر تلے فلمیں سپر ہٹ ہوتی ہیں اور بعض اوقات اس پر ایک ناکام اداکار یا اداکارہ کا لیبل لگ جاتا ہے۔

نیہا دھوپیا کا کہنا تھا کہ اپنی نئی فلموں میں اپنی پر فارمنس کے بل بوتے پر خود کو منوانا چاہتی ہوں۔ اس لیے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو سلیقے سے گزارنے کا عزم رکھتی ہوں اور اپنے اس امیج کو بھی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی۔ واضح رہے کہ 27اگست 1980ء کو کیرالہ کے پنجابی سکھ گھرانے میں پیدا ہونے والی نیہا دھوپیاکے والد کمانڈر پردیپ سنگھ دھوپیا بھارتی نیوی کے ایک افسر جب کہ والدہ مانپیندر ایک گھریلو خاتون ہیں۔نیہا نیول پبلک اسکول اور آرمی پبلک اسکول ڈھولا خان نئی دہلی میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نئی دہلی میں جیوسس اینڈ میری کالج سے گریجواشین کی۔ اداکارہ نے 2000ء میں جاپانی فلم سے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور 2002ء میں نیہا دھوپیا نے فیمینا مس انڈیا مقابلے میں حصہ لے کر اس کا تاج سر پر سجا لیا۔ نیہا دھوپیا نے 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''قیامت'' سے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ بالی ووڈ اداکارہ اب تک بالی ووڈ کے علاوہ ایک پاکستانی فلم ''کبھی پیار نہ کرنا'' میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں ۔
Load Next Story