نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی

مریم نواز ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود نیب سے تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہیں، ان کی ضمانت منسوخ کی جائے، نیب مؤقف۔ . فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرنے کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق نیب لاہور نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت خارج کرنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، چیئرمین نیب نے پراسکیوٹر جنرل پنجاب کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں مریم نواز اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مریم نواز کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

نیب کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہیں، اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مسلسل ریاستی اداروں پر حملے کر رہی ہیں، وہ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ریاستی اداروں کیخلاف بیان بازی کر رہی ہیں، اور ریاست مخالفت پروپیگنڈہ کرنے میں بھی مصروف ہیں۔


درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کے خلاف چودھری شوگر ملز سمیت دیگر انکوائریز پر تحقیقات جاری ہیں، انہیں چودھری شوگر ملز میں دستاویزات طلبی کیلئے 10 جنوری 2020 کو نوٹس بھجوائے گئے تھے، لیکن انہوں نے نیب کے نوٹسز پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا، انہیں دستاویزات فراہم نہ کرنے پر 11 اگست 2020 کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے نے اپنی سیاسی طاقت کا استعمال کیا اور نیب آفس پر حملہ کروایا، ان کے کارکنوں نے پولیس اور نیب آفس پر پتھراﺅ کیا جس کا مقدمہ علیحدہ سے درج کیا جاچکا ہے۔

نیب نے مؤقف اپنایا ہے کہ چوہدری شوگر ملز کی تحقیقات کیلئے مریم نواز کو متعدد مرتبہ طلب کیا گیا، لیکن وہ پیش نہ ہو کر نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، اور اپنے ہتھکنڈوں سے عوام میں یہ تاثر دے رہی ہیں کہ ریاستی ادارے غیر فعال ہو چکے ہیں، وہ جان بوجھ کر ریاستی اداروں کی ساکھ خراب ہونے کے بیانات دے رہی ہیں، اور وہ ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود نیب سے تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہیں، ان کی کی چودھری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منسوخ کی جائے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے، چیئرمین نیب کی درخواست پر سماعت جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 15 مارچ کو کرے گا۔

 
Load Next Story