چیئرمین نیب کو اصل تکلیف یہ ہے کہ مریم حکومت کے خلاف بات کرتی ہیں شاہد خاقان

نیب حکومت گٹھ جوڑ مزید نہیں چل سکتا، چیئرمین نیب یاد رکھیں! احتساب کرنے والوں کا بھی جلد احتساب ہوگا، رہنما (ن) لیگ

نیب حکومت گٹھ جوڑ مزید نہیں چل سکتا، چیئرمین نیب یاد رکھیں! احتساب کرنے والوں کا بھی جلد احتساب ہوگا، رہنما (ن) لیگ (فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد نیب ملک میں سیاست کے فرنٹ مین کے طور پر کام کر رہی ہے، نیب حکومت گٹھ جوڑ مزید نہیں چل سکتا، احتساب کرنے والوں کا بھی جلد احتساب ہوگا، پریذائیڈنگ آفیسر نے جان بوجھ کر ہمارے ووٹ مسترد کیے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد نیب ملک میں سیاست کے فرنٹ مین کے طور پر کام کررہی ہے، نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی ہے، نیب اور ان کے چیئرمین کو اصل تکلیف یہ ہے کہ وہ حکومت کے خلاف بات کرتی ہیں۔

خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے لکھا کہ مریم ریاستی اداروں کے خلاف بات کرتی ہیں جب کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نیب مریم نواز کی زبان بندی کرنا چاہتی ہے، یہ تمام تماشا ہراساں کرنے کی کوشش ہے، یہ عدل کے نظام کی بدقسمتی ہے کہ عدالتوں کے ذریعے سیاست دانوں کی زبان بندی کروائی جا رہی ہے۔


یہ پڑھیں : نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی

انہوں نے کہا کہ یہ عدالت کا وقت ضائع کرنے کی بھی کوشش ہے، ہمیں امید ہے کہ عدالت اس عمل پر نیب کو جرمانہ کرے گی، نیب حکومت گٹھ جوڑ مزید نہیں چل سکتا، چیئرمین نیب یاد رکھیں! احتساب کرنے والوں کا بھی جلد احتساب ہوگا، حکومتی بنچوں پر بیٹھنے والے پریزائیڈنگ آفیسر نے جان بوجھ کر ہمارے ووٹ مسترد کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا قومی نوعیت کے معاملات پر بات کرنا شہری کا حق نہیں ہے؟ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نیب صیح کام نہیں کر رہا جس کیس میں مریم نواز کو ضمانت دی گئی اس پٹیشن میں اس کا کوئی ذکر نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالت اس عمل پر نیب پر جرمانہ کرے گی یہ اس ملک کے شہری کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے۔
Load Next Story