ن لیگ نے سیاسی اختلافات کو ملک دشمنی سے جوڑ دیا ہے فردوس عاشق اعوان

پی ڈی ایم پاکستان توڑنے کی مودی کی سیاست میں شراکت دار بنی ہے، معاون خصوصی


ویب ڈیسک March 14, 2021
(ن) لیگ کے سینیٹرز نے پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا،فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ نے سیاسی اختلافات کو ملک دشمنی سے جوڑ دیا ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کی مودی کے ساتھ گٹھ جوڑ اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازشیں بے نقاب ہوتی رہیں ہیں، ان کا حالیہ بیانیہ ان کی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے ، (ن) لیگ نے سیاسی اختلافات کو ملک دشمنی سے جوڑ دیا ہے۔ (ن) لیگ قومی اداروں کو مسلسل نشانہ بنارہی ہے، (ن) لیگ کی سیاست کا محور ان کی زبان سے آشکار ہوگیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کے سینیٹرز نے پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، (ن) لیگ کے قریب جمہوریت کامقصد اقتدار کا حصول ہے، یہ جماعت نہیں مفاداتی ٹولہ ہے، بیرون ملک بیٹھے ظل سبحانی نے یہ بیڑا اٹھا لیا ہے کہ مجھے اقتدار دو، انہوں نے باہر بیٹھ کر قومی اداروں کو اپنی توپوں کے منہ پر رکھا ، اپنی زبان کے ذریعے پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ (ن) لیگ کے سینیٹرز نے پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا،، مولانا غفور حیدری کی شکست بھی انتہا پسندی کی سوچ کی شکست ہے، عمران خان کی قیادت میں بلوچستان سے چئیرمین اور فاٹا سے ڈپٹی چئیرمین کا انتخاب کر کے چھوٹے صوبوں کو اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے ، پنجاب وفاق کو مضبوط کرنے کے لئۓ بڑے بھائی ہونے کا کردار ادا کرتا رہے گا، سینیٹ کے الیکشن میں شکست کے بعد پی ڈی ایم ایم حواس کھو بیٹھی ہے، پی ڈی ایم پاکستان توڑنے کی مودی کی سیاست میں شراکت دار بنی ہے ، اس بیانیے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک دشمن سوچ رکھتی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کسی ملزم کے خلاف درخواست ہونا قانونی اور آئنی راستہ ہے لیکن (ن) لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ مریم نواز کی جان کو خطرہ ہوا تو پاکستان بھی نہیں رہے گا، پاکستان قیامت تک زندہ رہے گا، ملک کے غیور شہیدوں نے اپنے خون سے اس چمن کی حفاظت کی ہے، پی ڈی ایم کے اندر افواج پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف بدبودار بیانیے کو کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں