پہلی بارمسلمان اور پاکستانی نژاد اداکار لیڈ رول پرآسکرایوارڈ کیلئے نامزد

رضوان احمد کو نشے کے عادی موسیقار کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار پرایوارڈ کے لیے نام زد کیا گیا ہے


ویب ڈیسک March 15, 2021
رضوان احمد لیڈ رول پر آسکر کے لیے نامزد ہونے والے پہلے مسلمان اداکار ہیں(فوٹو، فائل)

 

ہالی ووڈ کے سب سے بڑے فلم ایوارڈ آسکر کے لیے پہلی مرتبہ کسی مسلمان اور پاکستانی نژاد کو لیڈ رول میں بہترین ادارکاری کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی ادا کار رز احمد کے نام سے معروف رضوان احمد کو ''ساؤنڈ آف میٹل'' میں مرکزی کردار میں بہترین اداکاری کی وجہ سے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

یہ فلم راک اینڈ رول ڈرمر ریوبن کی کہانی ہے جس میں نشے کی لت کے باعث اس کی زندگی میں آنے والی تباہی اور پھر اس سے چھٹکارے کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ریوبن کے کردار کی ادائیگی کو حقیقت سے قریب تر بنانے کے لیے خفیہ طور پر عادی شرابیوں کی محفلوں میں بیٹھ کر ان کی حرکات و سکنات اور انداز گفتگو کا مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ ڈرمرز کے خاص اشاروں کی زبان کو بھی سمجھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ''ساؤنڈ آف میٹل'' ریوبن کی زندگی بدلنے کی کہانی ہے اور بطور اداکار اس فلم نے میری زندگی بھی یکسر تبدیل کردی ہے۔

بہتری اداکار کے ایوارڈ کے لیے احمد کے علاوہ چھ مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے اور ایک بار ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکاراینتھونی ہاپکنز، ایک بار ایوارڈ جیتنے والے گیری اولڈ مین، آنجہانی چیڈ وک بوسمین اور اسٹیو یون کو بھی بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آسکر ایوارڈ 25 اپریل کو منعقد ہوں گے۔

یاد رہے کہ رضوان احمد کے والدین کا تعلق کراچی سے تھا اور ان کا خاندان 1970 کی دہائی میں برطانیہ منتقل ہوا۔ رضوان احمد کے دادا شاہ محمد سلیمان برطانوی دور میں الہ آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بننے والے پہلے مسلمان جج تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |