مریم نواز اداروں کیخلاف بغاوت پر مبنی بیان بازی کر رہی ہیں نیب

مریم کا مقصد ملکی فضاء کو اشتعال انگیزی کیطرف راغب کرنے اور نقصِ امن ہے، نیب


Numainda Express March 16, 2021
مریم نے اداروں کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل لا کھڑا کرنے کی کوشش کی، نیب

نیب نے مریم نواز کے بیانات کا نوٹس لے لیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس نے مریم نواز کی جانب سے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر جاری بے بنیاد اور من گھڑت الزامات و تشریحات پر مبنی رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔

نیب نے وضاحت جاری کی ہے کہ مریم نواز کیخلاف نیب میں چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیرِ تحقیقات ہیں۔ نیب کی جانب سے انہیں طلب کرنے پر ملکی فضاء کو اشتعال انگیزی کیطرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی، اس کے علاوہ قومی اداروں جیسے نیب، معزز عدلیہ اور لاء اینڈ آرڈر سے متعلقہ اداروں کیخلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی جس کا بنیادی مقصد نیب کا شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا اور ان پر اثر انداز ہونے کے علاوہ نقصِ امن کی صورتحال کو تقویت دینا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: دو بار گرفتار ہوچکی ہوں، تیسری بار بھی جیل جانے سے نہیں ڈرتی، مریم نواز

نیب نے بیان میں کہا کہ مریم نواز مبینہ طور پر اس طرزِ عمل کی مدد سے اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہیں اور اس طرح دیگر قومی اداروں کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل لا کھڑا کرنے کی فضاء قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی۔

نیب کے مطابق مریم نواز نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لاء اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا جسکی واضح مثال گذشتہ سال اگست میں انکی نیب لاہور میں پیشی کے وقت باقاعدہ منصوبہ کے تحت اوردانستہ طور پر پیدا کی گئی صورتحال تھی جب قومی ادارہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پتھراؤ کروایا گیا اور ایسی صورتحال پیدا کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو بھی چیلنج کیا گیا جسکی ایف آئی آر(2036/20 تھانہ چوہنگ) متعلقہ تھانہ چوہنگ میں درج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی

نیب نے کہا کہ بعد ازاں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مریم نواز کی سیاسی مصروفیات اور قومی مفاد ات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں کچھ وقت کیلئے طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقل طور پر احتساب کے عمل کو چیلنج کیا جاتا رہا، اس دوران معزز عدالتوں اور انکے صادر فیصلوں کا مذاق اڑانے کی کوشش کی گئی۔

نیب کے مطابق مختلف مواقع پر احتساب عدالتوں کے باہر جاری کئے گئے بیانات مبینہ طور پر شِدت پسندی کے منصوبہ کے عکاس ہیں۔ مریم نواز کے بیانات عوام میں اس جھوٹے تاثر کی ترویج کرنے کی سعی کے مترادف ہیں جسکے مطابق نیب کی طلبی اور پوچھ گچھ کوسیاسی رنگ میں رنگا گیا اورباقاعدہ منصوبہ کے تحت نیب اور عدلیہ جیسے ریاستی اداروں پر تنقید سے اصل معاملہ (نیب تحقیقات) سے رو گردانی کروائی گئی۔

نیب نے وضاحت کی کہ مریم نواز کیجانب سے نیب کی معزز عدلیہ میں دائر درخواست پر انتہائی غلط انداز میں نا صرف تبصرہ کیا گیا بلکہ اصل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں