استعفوں پر اختلافات کے بعد پی ڈی ایم نے لانگ مارچ ملتوی کردیا

نو جماعتیں لانگ مارچ کو استعفوں سے منسلک کرنے کی حامی ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کو اس پر تحفظات ہیں، سربراہ پی ڈی ایم


ویب ڈیسک March 16, 2021
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ کی ملتوی کا اعلان کرکے پریس کانفرنس سے روانہ ہوگئے(فوٹو،آن لائن)

مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے اہم اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں میں استعفوں اور لانگ مارچ سے متعلق اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔

سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اتحاد کی نو جماعتیں لانگ مارچ کو استعفوں سے منسلک کرنے کے حق میں ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کو اس پر تحفظات ہیں اور انہوں نے اپنی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس تک اس حوالے سے مہلت مانگی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کے استعفوں سے متعلق فیصلے تک 26 مارچ کو ہونے والے لانگ مارچ کو ملتوی تصور کیا جائے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کا لانگ مارچ ملتوی کرنے اعلان کیا اور مختصر گفتگو کی اور صحافیوں سے سوالات لیے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔

مولانا فضل الرحمان کے اچانک ڈائس چھوڑنے کے بعد وہاں موجود صحافیوں میں چہ مگوئیاں شروع ہوئیں تو مریم نواز شریف نے مائیک پر آکر کہا کہ میں یہاں آپ کے سوالوں کے جواب دینے کیلئے موجود ہوں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے اجلاس کے دوران درخواست کی کہ میاں صاحب! آپ بھی واپس آئیں مل کر جدوجہد کریں۔ ا ہمیں زندہ لیڈر چاہیں، ان کی لاشیں نہیں، کسی کو بھی حق حاصل نہیں ہے کہ انھیں وطن واپس بلائے۔مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے، جس نے نواز شریف سے بات کرنی ہے، پہلے مجھ سے بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میاں صاحب کو عمران خان جیسے قاتلوں کے حوالے نہیں کر سکتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں انہیں واپس بلانے کا حق کسی کو حاصل نہیں۔ نواز شریف کی سیاسی جدوجہد سب کے سامنے ہیں۔ جب تک پیپلز پارٹی کوئی فیصلہ نہیں کرتی ہم کوئی قیاس آرائی نہیں کریں گے۔

اس موقعے پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا استعفی نہ دینے کا فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیونے کیا تھا اس لیے فیصلے کو دوبارہ اسی فورم میں لے جانے کے لیے وقت مانگا ہے۔ استعفوں کے معاملے کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دوبارہ رکھیں گے۔حکومت کے خلاف پی ڈی ایم جماعتیں متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین کا انتخاب ہم جیتے ہیں اور بہت جلد ووٹوں کو مسترد کرنے کا غیر منصفانہ فیصلہ منسوخ کرنا پڑے گا۔

اجلاس کی اندرونی کہانی

قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس تقریبا چھ گھنٹے تک جاری رہا جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ اجلاس سے متعلق ایکسپریس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ عید کے بعد لے جایا جاسکتا ہے فی الحال لانگ مارچ ملتوی کیاجائے گا اور پھر مشاورتی اجلاس کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم اجلاس میں استعفوں پر اتفاق رائے نہیں ہورہا اور جب تک استعفے نہیں دیے جاتے لانگ مارچ نہیں ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں، آصف زرداری کا مطالبہ

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن کو حتمی فیصلے کے لئے بلایا گیا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک مرتبہ پھر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کیلئے مہلت مانگی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے موقف اختیار کیا کہ استعفوں کے معاملے پر پارٹی سے مزید مشاورت ضروری ہے۔ اجلاس میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج جو موقف پیش کیا ہے وہ سی ای سی فیصلوں کی روشنی میں بیان کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی، ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کا موقف ہے استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ جب تک استعفے نہیں دیں گے ، حکومت کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: نوازشریف کو وطن واپس بلانے پر مریم نواز کا آصف زرداری کو جواب

اس کے علاوہ دونوں بڑی جماعتوں میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بھی اختلاف رائے سامنے آیا۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اکثریتی جماعت کو ہی اپوزیشن لیڈر کا منصب دیا جائے جس پر دیگر جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف پیش کیا کہ جب چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ایک حتمی مشاورت ہوچکی تو پھر نیا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے؟

اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 9 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی دوسری طرف ہے۔پیپلز پارٹی صرف اپنی جماعت کو نہیں پوری اپوزیشن کے موقف کو سامنے رکھے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا اہم اجلاس رہنما جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں مریم نواز، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، اے این پی کے امیر حیدر خان ہوتی شریک ہوئے جب کہ نواز شریف، آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کا یہ اہم اجلاس سینیٹ انتخابات، حکومت مخالف تحریک، لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے استعفوں کے حوالے سے بڑے فیصلے کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں