میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں آصف زرداری کا مطالبہ

اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا لہذا ایسے فیصلے نہ کیے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں، آصف زرداری


ویب ڈیسک March 16, 2021
نواز شریف اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ انہیں وطن واپس آنا ہوگا، آصف زرداری

شریک چیئر مین پیپلزپارٹی آصف زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں کیوں کہ اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا۔

پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے اور سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا لہذا میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ جب 1986 اور 2007 میں شہید بی بی وطن آئیں تو ہم نے پورے ملک کو موبلائز کیا تھا، ہمیں لانگ مارچ کی ایسی ہی منصوبہ بندی کرنا ہوگی کہ جیسے 1986 اور 2007 میں شہید بی بی کی آمد پر کی تھی، مجھے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد ذاتی عناد کے بجائے جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ہونا چاہیے۔

آصف زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے، آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جب کہ میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا، نواز شریف اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ انہیں وطن واپس آنا ہوگا، میں جنگ کے لئے تیار ہوں مگر شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے لیکن میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: نوازشریف کو وطن واپس بلانے پر مریم نواز کا آصف زرداری کو جواب

شریک چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں نے پارلیمان کو اختیارات دیے، میں نے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی منظور کیا جس کی مجھے اور میری پارٹی کو سزا دی گئی، ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لئے تیار ہیں لیکن اسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ایسے فیصلے نہ کیے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں، ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔