نوازشریف کو وطن واپس بلانے پر مریم نواز کا آصف زرداری کو جواب

میاں صاحب کو وطن واپس لاکر عمران خان جیسے قاتل کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، مریم نواز


ویب ڈیسک March 16, 2021
جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی ویڈیو لنک پر ہیں، مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپس بلانے پر مریم نواز نے آصف زرداری کو جواب دے دیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے کہا کہ پلیز آپ وطن واپس آئیں تاکہ ہم سب مل کر لڑ سکیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آصف علی زرداری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد کی جان کو پاکستان میں خطرہ ہے، خاص طور پر نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی زندگی کو خطرہ ہے، میرے والد کو جیل میں دو ہارٹ اٹیک ہوئے ہیں اور جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی ویڈیو لنک پر ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اپنی مرضی سے یہاں موجود ہوں، مسلم لیگ (ن) نے سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود پی ڈی ایم کا ساتھ دیا، پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عمل کیا اور کرایا، پوری مسلم لیگ (ن) نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیئے۔

ذرائع کے مطابق بعدازاں نواز شریف کی واپسی سے متعلق بیان پر آصف زرداری نے مریم نواز سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کو اگر میرے بیان سے کوئی دکھ پہنچاہے تو میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔ اس کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا نہیں تھا۔ میں بھی بختاور اورآصفہ کی طرح آپ کی عزت کرتی ہوں۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں لاشیں نہیں زندہ لیڈر چاہیے اور میاں صاحب کو وطن واپس لاکر عمران خان جیسے قاتل کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں