مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم سے مستعفی ہوکر اپنی عزت بچانا ہوگی حافظ حسین احمد

اپنی غلطی کو تسلیم کرنے سے قیادت کی عزت کم نہیں ہو گی، حافظ حسین احمد

اپنی غلطی کو تسلیم کرنے سے قیادت کی عزت کم نہیں ہو گی، حافظ حسین۔ فوٹو:فائل

جمعیت علمائے اسلام سے برطرف رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہوکر اپنی عزت اور وقار کو اس قسم کی کسی صورتحال سے بچانا ہوگا۔

کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے منحرف رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے کل کے سربراہی اجلاس میں 9جماعتوں کے متفقہ فیصلے کوپیپلز پارٹی نے یکطرفہ طور پر ویٹو کردیا، جس کا اعتراف خود مولانا فضل الرحمان نے اپنی زندگی کی سب سے مختصر ترین پریس بریفنگ میں کیا۔


حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو کرپشن زدہ عناصر کے وکیل صفائی بننے اورپارٹی کو کرپٹ عناصر کی مفادات کیلئے بندگلی میں پہنچا نے کیخلاف آواز بلند کی، جس کی پاداش میں کوئی شوکاز نوٹس دیے بغیر ہمیں پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا گیا۔

جے یو آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کل کے اجلاس سے ساری صورتحال عوام کے سامنے آچکی ہے، گزشتہ ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ استعفے لے سکی اور نا استعفے دے سکی، کیا اب پارٹی کو مزید نقصانات سے بچانے کے لیے حقیقت پسندانہ انداز اپنائیں گے، اپنی غلطی کو تسلیم کرنے سے قیادت کی عزت کم نہیں ہو گی، پارٹی بچانے کیلئے اپنی حکمت عملی کی تبدیلی سے مولانا فضل الرحمان کی عزت اور وقار بڑھ جائے گی، اب مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہوکر اپنی عزت اور وقارکو اس قسم کی کسی صورتحال سے بچانا ہوگا۔
Load Next Story