خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے وزرا کے علاقوں میں 90 فیصد تک بجلی چوری ہوتی ہے عابد شیرعلی

صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان نے اپنےعلاقے کےبجلی کےبل ادا نہ کئے تو ایک ہفتےمیں بنوں کی بجلی کاٹ دی جائے گی،عابدشیرعلی


ویب ڈیسک January 08, 2014
خیبرپختونخوا میں صوبائی وزرا بجلی چوروں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں،عابد شیرعلی فوٹو:ایکسپریس نیوز

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے وزرا کے علاقوں میں 90 فیصد تک بجلی چوری ہوتی ہے اگر صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان نے اپنے علاقے کے بجلی کے بل ادا نہ کئے تو ایک ہفتے میں بنوں کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزرا کے علاقوں میں 90 فیصد تک لائن لاسز ہیں لیکن خیبر پختون خوا کے وزرا وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کے بجائےمظاہروں میں شرکت کرتے ہیں، پیسکو حکام کے اوپر بندوقیں تانتے ہیں اور ان سے بد اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہیں، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں کہ شاہ فرمان چاہے قطب مینار پر جا کر احتجاج کریں لیکن پہلے اپنے حلقے پر پیسکو کے واجب الادا ڈیڑہ ارب روپے ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ دوسرے صوبوں میں مظاہروں کے بجائے خیبر پختون خوا میں بجلی کے لاسز ختم کرنے میں پیسکو کی مدد کریں جہاں کنڈے لگا کر بجلی چوری کی جا رہی ہے اور صوبائی وزرا بجلی چوروں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

عابد شیرعلی نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کی درخواست پر بنوں میں بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے ایک جرگہ بلایا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بنوں کے لوگ بجلی کے بل ادا کریں گے لیکن اس کے باوجود بنوں کے لوگ نہ تو بل ادا کر رہے ہیں اور نہ ہی سسٹم میں آ رہے ہیں، اگر بنوں کے لوگوں نے بل ادا نہ کئے تو ایک ہفتے میں بجلی کاٹ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں283 فیڈرز ایسے ہیں جن کے لائن لاسز 50 فیصد سے لے کر 90 فیصد ہیں جس کی وجہ سے پورے خیبر پختون خوا کی عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں 6ماہ میں 13 ارب روپے کے لائن لاسز ہیں، جن علاقوں میں ہائی لائن لاسز ہیں ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 سے 18 گھنٹے جبکہ بجلی کا بل ادا کرنے والے علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیسکو حکام کا ساتھ دینا خیبرپختونخوا حکومت کی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |