ایکسپریس نیوز نے میرا اورکیپٹن نوید کی خفیہ شادی کے نکاح نامے کی کاپی حاصل کرلی

دونوں کا نکاح گزشتہ برس 31 اکتوبر کو نیویارک میں ہوا جبکہ نکاح کا سرٹیفیکیٹ 13 نومبر کو جاری ہوا

2 برس قبل اداکارہ میرا کی کیپٹن نوید سے منگنی ہوئی تھی تاہم ان کے سسر سے اختلافات کی بنا پر منگنی ٹوٹ گئی تھی، فوٹو: فائل

ایکسپریس نیوز نے اپنی گلابی انگلش اور خفیہ شادیوں سے شہرت پانے والی اداکارہ میرا کے پاکستانی نژاد امریکی شہری کیپٹن نوید سے نکاح نامے کی کاپی حاصل کرلی ہے جس کے مطابق دونوں افراد گزشتہ برس رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے ہیں۔



ایکسپریس نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق میرا اور کیپٹن نوید کا نکاح گزشتہ برس 31 اکتوبر کو امریکی شہر نیویارک میں ہوا جبکہ نکاح کا سرٹیفیکیٹ 13 نومبر 2013 کو جاری ہوا۔ سرٹیفیکیٹ میں میرا کا نام ارتضیٰ رباب ہے جبکہ تاریخ پیدائش 12 دسمبر 1977 درج ہے۔ اسی سرٹیفیکیٹ کے ذریعے میرا نے امریکی شہریت کے حصول کے لئے متعلقہ حکام کو درخواست بھی دے دی ہے۔


میرا کے سسر راجا خالد پرویز نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میرا کی شادی ان کے بیٹے سے ہوچکی تاہم رخصتی رواں برس ہوگی۔ میرا کے اصرار پر ان کے اہل خانہ نے اس خبر کو خاندان تک محدود رکھا تھا۔ دوسری جانب جب اس معاملے پر اداکارہ میرا کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ دو برس قبل اداکارہ میرا کی کیپٹن نوید سے منگنی ہوئی تھی تاہم ان کے سسر سے اختلافات کی بنا پر منگنی ٹوٹ گئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات بحال ہوئے تھے جبکہ میرا کے اس سے قبل بھی مقامی تاجر عتیق الرحمان سے شادی کے چرچے زبان زد عام ہوئے تھے۔

Load Next Story